صحافیوں کے لئے بھی پنشن اسکیم شروع کرنے کا وعدہ - ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-24

صحافیوں کے لئے بھی پنشن اسکیم شروع کرنے کا وعدہ - ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jun-24

اعتماد نیوز
ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے تلنگانہ میں صحافیوں کے لئے پنشن اسکیم شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے اس نئی ریاست کے ہر ضلع میں امکنہ اسکیم شروع کی جائے گی اور صحافیوں کو ہیلت کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی آج پریس کلب بشیر باغ میں ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام صحافیوں کی مختلف تنظیموں بشمول انڈین جرنلسٹس یونی، تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس اور حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی طرف سے کیا گیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کی جدو جہد اور تحریک میں نہ صرف سرکاری ملازمین بلکہ طلبہ نے بھی سرگرم حصہ لیا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں صحافت کا بھی اہم رول رہا ہے جہاں کئی صحافی اس تحریک سے وابستہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ویلفیر فنڈ کی رقم کو2کروڑ روپے سے بڑھا کر10کروڑ روپے کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کی ابھی تشکیل ہوئی ہے جسے کئی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہ اکہ تلنگانہ تحریک کا آغاز دراصل ناانصافیوں کے خلاف اعلان جنگ تھا اور اس جنگ میں تاخیر سے صحیح ہمیں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ، آندھرا حکومت کے ساتھ مل جل کر کام کرے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس موقع پر1956ء سے تلنگانہکے ساتھ روا رکھی جانے والی ناانصافیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اس علاقے کے عوام کے ساتھ معاشی ، تہذیبی، تمدنی ، سیاسی، سماجی تعلیمی اوردوسرے ہر شعبوں میں مسلسل ناانصافیاں کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرکاری اراضیات کا سروے کروایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ غریب خاندانوں کو اراضیات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو اس طرح ترقی دی جائے گی جیسا کہ سابق میں نظام دور حکومت میں ریاست حیدرآباد خوشحال رہا کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے نئی کالونیاں بھی قائم کی جائیں گی ۔ سکریٹری انڈین جرنلسٹس یونین جناب ایم اے ماجد نے کہا کہ حیدرآباد ، اردو اور تلگو عوام کا سنگم ہے ۔ انہوں نے صحافیوں کے لئے امکنہ اسکیم پرعاجلانہ عمل آوری کی خواہش کی اور کہا کہ تلنگانہ حکومت پریس اکیڈیمی کی مالی مدد کرے جو صحافیوں کو تربیت دینے کا نامور ادارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ3سال قبل صحافیوں کو ان کی گرانقدر خدمات کے عوض ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہنوز اس اعلان پر عمل آوری نہیں ہوپائی ہے ۔ جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اس مسئلہ کی فوری یکسوئی کی جائے گی۔ جناب ایم اے ماجد نے صحافیوں کو بھی پنشن اسکیم کے دائرہ میں شامل کرنے کی ضرورت ظاہر کی ۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس جناب راحت علی نے اضلاع حیدرآباد ، ورنگل، کھمم اور رنگا ریڈی کے صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کے علاوہ انہیں زمینات الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے مرحوم خازن جناب محمد شریف کے فرزند محمد مقصود کو ایک لاکھ روپے کا چیک ڈپٹی چیف منسٹر کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں