ریل کرایوں میں اضافہ کا عوام دشمن فیصلہ واپس لیا جائے - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-24

ریل کرایوں میں اضافہ کا عوام دشمن فیصلہ واپس لیا جائے - ممتا بنرجی

کولکتہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج مسافر ریلوے کرایوں مٰں غیر معمولی اور عوام دشمن اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریل کرایہ اور مال برداری شرحوں میں اضافہ کے فیصلہ نے عوام کے لئے مسائل پیدا کریے ہیں ۔ جب کوئی جمہوری حکومت برسر اقتدار آتی ہے تو وہ چند وعدں کی بنیاد پر اقتدار میں آتی ہے۔ دور حاضر کی سیاست میں جو کمی ہے وہ یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں انتخابات سے پہلے جو وعدے کرتی ہیں، بر سر اقتدار آنے کے بعد ان پر عمل نہیں کرتیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے ا پنے انتخابی منشور میں اچھے دنوں کی بات کی تھی لیکن بر سر اقتدار آنے کے بعد عوام دشمن فیصلے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں کا ایسے سخت فیصلے لینے کا منصوبہ تھا تو انہیں عوام کویہ بتا دینا چاہئے تھا کہ وہ ایسے فیصلے کرنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ ریلوے نے گزشتہ ہفتہ اب تک کے سب سے بھاری اضافے میں تمام درجوں کے مسافر کرایوں میں14.2فیصد کا اضافہ کردیا اور مال برداری کی شرحوں میں6.5فیصد کا اضافہ کیا گیا تاکہ سالانہ آٹھ ہزار کروڑ روپے حاصل کئے جاسکیں ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر ریلوے کی حیثیت سے انہوں نے اپنی میعاد میں مال برداری شرح اور ریل کرایوں کو چھوا تک نہیں تھا کیونکہ اس سے عام آدمی کی زندگی پر منفی اثر پڑ سکتا تھا ۔ ممتا بنر جی نے یہ بھی کہا کہ انہیں یہ اطلاع تھی کہ مرکز ایل پی جی سلنڈرس پر دی جانے والی سبسیڈی واپس لے سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریل کرایوں میں اضافہ کا مطلب یہ ہوگا کہ تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا ۔ اس اضافے کا عام آدمی کی جیب پر اور باورچی خانہ پر اثر پڑے گا۔ نئی حکومت کو وقت دیاجانا چاہئے لیکن اگر وہ روز اول سے عوام دشمن فیصلے کرے تو ہم خاموش نہیں رہ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو خوش اخلاق، نرم گو اور عوام کے حق میں فیصلے کرے والی حکومت ہونا چاہئے ۔ ممتا بنرجی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ریل کرایوں کی اضافہ کی ان کی جانب سے مخالفت کامطلب یہ نہیں کہ وہ مرکز کی مخالف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کے لئے محض ایک یاددہانی ہے کہ عوام کی خاطر کرایوں میں اضافہ واپس لیاجائے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق مغربی بنگال اسمبلی میں آج ریل کرایوں میں اضافہ کے فیصلے کے خلاف ایک قرارداد منظور کی گئی اور اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ۔ قیاستی وزیر پارلیمانی امور پارٹھا چٹر جی نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے ۔ اتنی زیادہ شرحوں کی توقع نہیں تھی ۔ یہ غیر معمولی ہے۔ ایوان مرکزی حکومت کے فیصلہ کی پرزور مذمت کرتا ہے اور اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

Mamata demands rollback of rail fare hike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں