تلنگانہ کے سرکاری لوگو میں اردو تحریر حذف کرنے پر محمد علی شبیر کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-10

تلنگانہ کے سرکاری لوگو میں اردو تحریر حذف کرنے پر محمد علی شبیر کا احتجاج


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jun-10

telangana state assembly logo
منصف نیوزبیورو
ڈپٹی فلورلیڈر تلنگانہ قانون ساز کونسل کانگریس محمد علی شبیر نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل کے لوگو میں اردو زبان میں تلنگانہ حکومت کا نام درج نہ کئے جانے کے خلاف بہ طور احتجاج رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے حلف لینے سے انکار کردیا ۔ عبوری صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل این ودیا ساگر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی جانب سے اس غلطی کو جلد سدھارنے اور کونسل کے لوگو میں تلنگانہ حکومت کا نام اردو میں تحریر کرنے کے تیقن کے بعد محمد علی شبیر نے رکن قانون ساز کونسل کا حلف لیا ۔ عبوری صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل این ودیا ساگر راؤ نے انہیں حلف دلایا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مال تلنگانہ محمد محمود علی نے محمد علی شبیر کو تیقن دیا کہ حکومت اس طرح کی غلطی آئندہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے سکریٹری قانون ساز کونسل کی اس غلطی سے انہیں واقف کرائیں گے ۔ وہ سکریٹری تلنگانہ قانون ساز کونسل راجہ سدرام سے ملاقات کرکے انہیں کونسل کے لوگو میں اردو میں تلنگانہ حکومت کی تحریر درج کرنے کی ہدایت دیں گے ۔ رکن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان بنائے جانے اور تلنگانہ ریاست کے سرکاری لوگو میں اردو میں تلنگانہ حکومت درج کئے جانے کا انہوں نے خیر مقدم کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے لوگو میں اردو میں تلنگانہ حکومت کا نام غائب کرنے پر انہیں دکھ ہوا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی آر ایس کی حکومت مستقبل میں اس طرح کی غلطی دوبارہ نہیں کرے گی۔

یو این آئی
تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے انجینئرنگ کالج کے طلباء کی نعشیں براہ دہلی حیدرآباد لانے کے لئے وزارت دفاع سے ہیلی کاپٹر اور طیارہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ریاستی حکومت کے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایر کوسٹا سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ طلباء کے والدین کو یہاں سے ہماچل پردیش لے جائے اور بچ جانے والے طلباء کے ساتھ حیدرآباد واپس لائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھراراؤ نے کل رات ہی ایک کابینی اجلاس میں تمام وزراء کو ہماچل پردیش کے بیاس دریائی المیہ سے واقف کرایا جس میں25حیدرآبادی طلباء ہلاک ہوگئے ۔ چیف منسٹر نے فوری ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کو کمشنر ڈیزاسٹرمینجمنٹ بی آر مینا اور سپرٹنڈنٹ آف پولیس گرے ہانڈس کارتیکین کے ہمراہ مقام واقعہ روانہ ہوجانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ہماچل پردیش کے اپنے ہم منصب ویر بھدرا سنگھ سے بھی بات چیت کرتے ہوئے راحت کاری اقدامات فوری شروع کرنے کی درخواست کی ۔ چیف سکریٹری راجیو شرما نے مرکزی وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کے عہدیداروں کے ساتھ ربط پیدا کرتے ہوئے نعشیں حیدرآباد بھیجنے کے لئے کوششوں کی درخواست کی ۔ انڈوتبتن بارڈر پولیس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے جوانوں کو بھی نعشیں ڈھونڈ نکالنے کے کام پر لگا دیا گیا ہے ۔، ہلاک ہونے والے کئی بچوں کے والدین ہماچل پردیش کے لئے روانہ ہوچکے ہیں اور انہیں جلد سے جلد کلو پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ کے پرنسپال سکریٹری اجئے مشرا نے ایر کوسٹا سے درخواست کی کہ وہ بچوں کے والدین کو حیدرآباد سے دہلی لے جانے کے لئے ضروری اقدامات کرے ۔ ایر کوسٹا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایک چارٹرڈ طیارہ کا انتظام کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔انجینئرنگ کالج کے انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ طلباء کو تعلیمی دورہ پر روانہ کرنے سے قبل ان کے والدین کی رضامندی حاصل کرلی گئی تھی ۔ وی این جی وگنان جیوتی انجینئرنگ کالج کے48طلباء اس وقت پانی میں بہہ گئے جب وہ دریائے بیاس میں اتر کر تصویر کشی میں مصروف تھے ، کہ اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا اور وہ اس کی لہروں میں بہہ گئے ۔ وائس پرنسپال سی کرن مائی کے بموجب انتظامیہ نے طلباء کو تعلیمی دورہ پر روانہ کرنے سے قبل تمام اولیاء سے طلباء کی رضامندی حاصل کی تھی ۔ تعلیمی دورہ بی ٹیک سال دوم کے نصاب کا حصہ تھا ۔ شیڈول کے مطابق طلباء کو منڈی سے40کلو میٹر دور تھا لوٹ کے قریب دریائے بیاس پر126میگا واٹ کے حامل لارجی ہائیڈل پاور پراجکٹ کا دورہ کرنا تھا تاہم وقت کی کمی کے باعث اسے منسوخ کردیا گیا ۔ طلباء کا گروپ اپنے اساتذہ کے ہمراہ10روزہ تعلیمی دورہ پر3جون کو ہماچل پردیش روانہ ہوا تھا۔ کرن مائی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس ٹور کے لئے ہم نے طلباء کے والدین سے اجازت لی تھی۔ تعلیمی دورہ ان کے نصاب کا حصہ ہے ۔ شیڈول کے مطابق لارجی پاور اسٹیشن کا دورہ کرنا تھا ۔تاہم وقت کی کمی کے باعث اسے منسوخ کردیا گیا ۔ وائس پرنسپال کا یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا جب چند والدین نے الزام عائد کیا کہ کالج انتظامیہ نے تعلیمی دورہ کے بارے میں انہیں مطلع نہیں کیا ۔ یہ گروپ کلو سے منالی جارہا تھا جہاں انہیں شب بسری کرنی تھی۔ شام6:30بجے انہوں نے ڈیم کے قریب توقف کیا تاکہ دریائے بیاس کے کنارے تصویر کشی کی جاسکے ۔ اس موقع پر اچانک پانی چھوڑ دیا گیا اور24طلباء پانی کی لہروں میں بہہ گئے ۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں