بنگال میں فرقہ واریت کے لئے کوئی جگہ نہیں - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-21

بنگال میں فرقہ واریت کے لئے کوئی جگہ نہیں - ممتا بنرجی

کولکاتا
یو این آئی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ہر صورت میں اقلیتوں کی پسماندگی کے خاتمہ کی کوشش کی جائے گی اور حکومت ریاست میں فرقہ واریت کے خلاف سخت قدم اٹھائے گی ۔ وزارت اقلیتی امور کے زیر اہتمام منعقد پروگرام میں ممتا بنرجی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کچھ طاقتیں ایسی ہیں جنہیں اقلیتوں کے نام سے پریشانی ہوتی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاستی حکومت کے تمام طبقات پر یکساں حقوق و مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی اور اقلیتوں کو مین اسٹریم میں لانے کی اسکیم بھی جاری رہیں گی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اقلیتوں کے نام سننے سے پریشانی ہوجاتی ہے ۔ میں نہیں جانتی ہوں کہ ایسا کیوں ہے میں بنگالی ہوں مگر جب آسام میں ہوتی ہوں تو میں اقلیت میں ہوجاتی ہوں ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ میں فسادات کے خلاف ہوں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اکثریتی طبقہ کی ذمہ داری ہے کہ اقلیتوں کے درمیان اعتماد پیدا کرنے کے لئے اقلیتوں کی ترقی کے لئے کام کریں ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں کچھ طاقتیں فرقہ واریت کو پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت تو جرم ہے اور جرم جرم ہوتا ہے ۔ بنگال ہمیشہ فرقہ واریت سے محفوظ رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ کچھ لو گ یہ الزام عائد کرتے ہیں کہ میں ہندوؤں کے لئے کوئی کام نہیں کرتی۔ انہیں اپنی آنکھ اور اپنے کان کھلے رکھنے چاہئیں ۔ میں سب کے کام کررہی ہوں اور یہ میرا آئینی فریضہ ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ۔ ترقیاتی پروجیکٹ میں سازش کامیاب نہیں ہوگی ۔ ایک ایسے وقت میں جب بنگال میں بی جے پی کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے اور حالیہ لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کا ووٹ فیصد بڑھ کر17فیصد ہوگیا ہے، بی جے پی کو امید ہے کہ وہ آئندہ ریاست کی اہم اپوزیشن جماعت ہوجائے گی اور اگلے سال کلکتہ میونسپلٹی انتخاب میں بڑی کامیابی ملے گی ۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہی ریاست میں فرقہ واریت میں اضافہ کے لئے ذمہ دار ہے۔ انتخابی فائدہ کے لئے یہ سب کیاجارہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں