مسلم قیدیوں کو سحر و افطار میں خصوصی غذائیں فراہم کرنے کا مطالبہ مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-21

مسلم قیدیوں کو سحر و افطار میں خصوصی غذائیں فراہم کرنے کا مطالبہ مسترد

ممبئی
یو این آئی
زیر سماعت قیدیوں کو ماہ رمضان میں جیل میں سحر و افطار میں مخصوص غذاؤں کی دستیابی کے گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری روایات کے خلاف ممبئی کی خصوصی مکوکا عدالت نے آج یہاں دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار تقریباً دو درجن مسلم نوجوانوں کو جیل میں افطار و سحر کی خصوصی غذائیں دستیاب کرنے کی اجازت طلب کرنے والی عرضداشت کو یہ کہہ کر مسترد کردی کہ اگر مسلم نوجوانوں کو یہ اجازت دی گئی تو دیگر مذاہب کے ماننے والے ملزمین بھی اپنے تہواروں پر خصوصی غذائیں طلب کریں گے۔ ریاست میں زیر سماعت قیدیوں کی سب سے بڑی جیل آرتھرروڈ جیل میں قائم خصوصی مکوکا عدالت کے جج پنسارے نے آج یہاں انڈین مجاہدین معاملے میں گرفتار ملزمین کی جانب سے داخل کردہ ایک عرضداشت پر اپنا فیصلہ صادر کرتے ہوئے درخواست کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ جیل حکام سے حاصل شدہ رپورٹ کے مطابق ملزمین کو جیل میں انتظامیہ کی طرف سے کھانا مہیا کیاجائے گا نیز اگر اسی طرح سب کو جیل میں گھر کے کھانے کی اجازت ہوگئی تو کل ہندو ملزمین دیوالی ، ہولی اور کرسچن ملزمین کرسمس کے تہواروں پر گھرکے کھانے کی اجازت طلب کریں گے جو جیل انتظامیہ کے لئے ناقابل عمل ہوگا۔ حالانکہ ملزمین نے جیل کے قوائد و ضوابط کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زیر سماعت ملزمین کو اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے کے لئے گھر سے کھانا لانے کی اجازت ہے لہذا اس قانون کے مطابق اس عرضداشت کو منظور کیاجائے نیز اس ضمن میں گزشتہ برس عدالت کی جانب سے دی گئی اجازت کا بھی حوالہ دیا مگر پھر بھی خصوصی جج نے ان کی جانب سے پیش کئے دلائل کو قبول نہیں کیا ور ان کی درخواست کو مسترد کردی ۔، اسی درمیان ان ملزمین کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے بتایا کہ خصوصی مکوکا عدالت کی جانب سے ملزمین کو رمضان مہینہ میں گھر کا کھانا کھانے کی اجازت نہیں دئیے جانے والے فیصلہ کی نقول حاصل ہونے کے بعد وہ سینئر وکلا سے صلاح و مشورہ کرکے اسے بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔گلزار اعظمی نے مزید بتایا کہ وہ خصوصی مکوکا عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں مگر گزشتہ کئی برسوں سے یہ روایت رہی ہے کہ خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار ملزمین کو ماہ رمضان میں گھر کا کھانا کی اجازت دیاکرتی تھیں مگر انہیں خصوصی مکوکا عدالت کے جج ایل آر پنسارے کے فیصلہ سے حیرت اور مایوسی ہوئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں