مہاراشٹرا میں قیادت کی تبدیلی کی قیاس آرائیاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-21

مہاراشٹرا میں قیادت کی تبدیلی کی قیاس آرائیاں

پونے
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مہاراشٹر نے آج کہا کہ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے ریاست میں قیادت کی تبدیلی سے متعلق کسی فیصلہ سے وہ واقف نہیں ہیں ۔ قیادت کیاجارہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں ریاست میں پارٹی کے بدترین مظاہرہ کے بعد قیادت کو تبدیل کردیاجائے گا۔ یہاں ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر صحافیوں نے جب اس بارے میں جاننا چاہا تو پرتھوی راج چوان نے کہا’’مجھے اس کا پتہ نہیں ہے اور نہ ہی اس سلسلہ میں دہلی سے کوائی رابطہ قائم کیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹرس کی تبدیلی کانگریس ہائی کمان کے اختیارات کی بات ہے اور وہ پارٹی کی جانب سے انہیں دی جانے والی کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے تیار ہیں ۔ چوان نے کہا کہ جب تک کوئی فیصلہ نہیں لیاجاتا ، وہ اپنا کام جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کے صدر شردپوار اور کانگریس قائدین احمد پٹیل اور اے کے انٹونی کے درمیان دہلی میں کل ہوئی ملاقات میں طئے پانے والی باتوں سے لاعلمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی، یو پی اے کی حلیف ہے اور اس طرح کی ملاقاتیں ایک معمول ہے ۔ اگر ان قائدین کے درمیان نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تبادلہ خیال ہوا ہے تو وہ اس سے واقف نہیں ہیں۔ چوان نے اپنے مخالفین کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ فائلوں کی منظوری میں وہ سست روی دکھا رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے انہوں نے زیادہ سے زیادہ فیصلے کئے ہیں ۔ لوک سبھا انتخابات کو غیر متوقع قرار دیتے ہوئے چوان نے کہا کہ پارٹی سوشل میڈیا اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے زیادہ استعمال کے ذریعہ اپنی مہم کی نئی حکمت عملی تیار کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات میں ناکامیوں کے بعد کانگریس کے چیف منسٹرس نے پارٹی صدر سونیا گاندھی سے تنظیم جدید کے مسئلہ پر ملاقات کی تھی تاکہ مستقبل کے انتخابی امکانات کا بہتر بنایاجاسکے ۔ مہاراشٹر میں قیادت کی تبدیلی کے بارے میں میڈیا میں کافی قیاس آرائی کی جارہی ہے اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ کو(میڈیا کو)واقف کروادیاجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں