افغانستان میں آج صدارتی انتخاب کا قطعی مرحلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-14

افغانستان میں آج صدارتی انتخاب کا قطعی مرحلہ

افغانستان میں10ہفتوں میں دوسری مرتبہ ہفتہ کو صدر کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ان انتخابات کو اس لحاظ سے اہمیت حاصل ہے کہ یہ افغانستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقتدار کی جمہوری طور پر منتقلی کا سبب بن سکتے ہیں لیکن مغربی اور افغان عہدیداروں کو اندیشے لاحق ہیں کہ صدارتی مقابلہ متنازعہ نتائج، بڑے پیمانہ پر بدعنوانیوں اور شورش پسندوں کے حملوں سے متاثر ہوسکتا ہے ۔ طالبان نے اس الیکشن کو سبوتاج کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے جب کہ دوسری طرف ملک میں رائے دہی کے مراکز کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے لمحہ آخر کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ امریکہ جس نے افغانستان کے انتخابی عمل قابل لحاظ رول ادا کیا ہے ، اس کا بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔ اگر نیا صدر آنے والے ہفتوں میں پر امن طریقہ سے حلف اٹھاتا ہے تو اوبامہ انتظامہ کے پاس13سالہ طویل جنگ کے بد کسی قدر وقار کے ساتھ ملک کو چھوڑنے کا موقع رہے گا۔ صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ پراشرف غنی دونوں نے امریکہ کے ساتھ قریبی فوجی تعلقات برقرا ررکھنے کا وعدہ کیا ہے ۔ یہ دونوں صدر حامد کرزئی کی کابینہ میں خدمت انجام دے چکے ہیں ۔ کرزئی دسمبر2001ء سے جب طالبان کو اقتدار سے بے دخل کیا گیا تھا ، ملک کی قیادت کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ افغانستان پہلے مرحلے کی رائے دہی میں جملہ8امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا لیکن کسی کوبھی50فیصد سے زائد ووٹ حاصل نہیں ہوئے جس کی وجہ سے رن آف مقابلہ منعقد کیاجارہا ہے ۔ اپریل میں صدارتی الیکشن کے پہلے راؤنڈ میں رائے دہی کا فیصد قابل لحاظ رہا ، اور افغانیوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ نیا لیڈر افغانستان میں بے یقینی کی صورتحال پر تیزی سے قابو پانے کا اہل رہے گا۔

Voting for Afghan presidential election comes to an end

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں