ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-14

ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی

پاکستانی دفتر خارجہ نے شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ چہار شنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملوں میں16مشتبہ شدت پسندہلاک ہوگئے تھے ۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے حملوں کی تصدیق پر ہفتہ وار بریفنگ کے دو گھنٹے کے بعد کی گئی جس میں دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا تھ اکہ حملوں کے حوالے سے حقائق کا تعین کیاجارہا ہے ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں حکومت کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقہ میراں شاہ میں11اور12جو ن کو ہونے والے امریکی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ بیان میں کہا گیا کہ اس قسم حملے پاکستانی خود مختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہیں جن سے خطے میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی امن کوششوں کو دھچکا لگے گا۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستانی حکومت قبائلی علاقوں میں ہونے والے امریکی ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی رہی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈرون حملوں کے تعلق سے پارلیسی بالکل واضح ہے ۔ کراچی ایئر پورٹ پر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کی تفتیش بھی کی جارہی ہے ،۔ ایر پورٹ پر ہونے والے حملے میں بھاری مقدار میں ہندوستانی اسلحے کے برآمد ہونے پربات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان الزام تراشی نہیں کرتا اور ہم مکمل تفتیش کا انتظار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی رپورٹ ملنے کے بعد مناسب اقدامات اٹھائے جائیں گے۔دفتر خارجہ کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فوجی امدا د کو شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی سے مشروط کرنے پر امریکی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

Pakistan condemns US drone strikes in Waziristan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں