یوکرین بحران - روسی ٹینکوں نے سرحد پار کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-14

یوکرین بحران - روسی ٹینکوں نے سرحد پار کی

شمالی یوکرین میں جاری تشدد کے خاتمہ کے لئے حکمت عملی کے تناظر می یوکرین کے صدر پیٹرو پروشینکو نے روس کے صدر ولاد یمیر پوٹین سے کل فون پر بات کی ۔ ایک خبر رساں ایجنسی نے پوٹین کے ترجمان دیمتری پیسکوف کے حوالہ سے بتایا کہ پروشینکو نے روسی صدر کو مشرقی یوکرین میں جاری بحران کے حل کے لئے اپنے منصوبہ سے آگاہ کیا۔ پیسکوف نے اس ضمن میں مفصل جانکاری دینے سے انکار کردیا ۔ اس سے قبل پوٹین اور پروشینکو کی گزشتہ ہفتے فرانس میں ملاقات ہوئی تھی لیکن اس وقت پروشینکو ، یوکرین کے صدر منتخب نہیں ہوئے تھے ۔ یوکرین کے نئے صدر نے ان اطلاعات کے بعد کہ مشرقی یوکرین میں3روسی فوجی ٹینکوں نے سرحد پار کی ، روسی صدر ولاد یمیر پوٹین کے ساتھ بات چیت میں شدید تشویش ظاہر کی۔ کل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ3روسی ٹینک سرحد عبور کر کے روس نواز علیحدگی پسندوں کے زیر قبضہ یوکرینی علاقے میں داخل ہوئے ۔ پروشینکو نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت میں روسی ٹینکوں کے یوکرینی سرحد عبور کرنے کو ناقابل قبول قرار دیا تاہم کیف حکومت کے مطابق دونوں صدور کے درمیان یہ بات چیت مثبت اور تعمیری رہی ۔ گزشتہ ہفتہ کے اختتام پر یوکرین کے نئے صدر کے طور پر اپنے عہدہ کا حلف لینے والے پروشینکو نے اپنے روسی ہم منصب کو مشرقی یوکرین میں کشیدگی میں کمی کے لئے حکومت کے منصوبہ سے بھی آگاہ کیا ۔ یوکرینی صدر کے ترجمان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ فیس بک پر 3روسی ٹینکوں کے سرحد عبور کرنے کے واقعہ کے تعلق سے اپنے صفحہ پر لکھا کہ پروشینکو نے صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیا ۔ ماسکو حکومت نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ اس سے قبل یوکرین کے وزیر داخلہ ارسینی اواکوف نے اس واقعہ کا ذکر کیا تاہم یہ نہیں کہا کہ ٹینکوں کے سرحد عبور کرنے کے اس واقعہ میں ماسکو حکومت ملوث ہے ۔ خیال رہے کہ کل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ سابق وویت دور کے3ٹینک مشرقی یوکرین کی سرحد عبور کر کے یوکرین میں داخل ہوئے ۔ دوسری جانب ماسکو نے پروشینکو پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران مشرقی یوکرین میں قیام امن کے وعدے پورے کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ ماسکو حکومت نے ان دعوؤں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا جن میں کہاجارہا ہے کہ یوکرینی فورسز روس نوازوں کے خلاف کارروائی میں ان بموں کا استعمال کررہی ہے جن پر پابندی عائد ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ 6جون کو فرانس میں ڈی ڈے کی تقاریب کے موقع پر صدر پوٹین اور پرشینکو نے مصافحہ کیا تھا۔ اس غیر رسمی بات چیت کے بعد یہ کہاجارہا تھا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان موجود کشیدگی میں کمی میں مدد ملے گی۔

Ukraine crisis: Russian tanks cross eastern border

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں