نکسل ازم اور دہشت گردی سے نمٹنے جامع ایکشن پلان درکار - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-08

نکسل ازم اور دہشت گردی سے نمٹنے جامع ایکشن پلان درکار - راج ناتھ سنگھ

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ نکسلزم ، علیحدگی پسندی اور دہشت گردی جیسے مسائل کے حل کے لئے ایک جامع و کامل ایکشن پلان کی ضرورت ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ چاہے نکسلزم ہو، علیحدگی پسندی ہو یا دہشت گردی ہو ، جامع ایکشن پلان کی ضرورت ہے اور میری وزارت نے اس پر کام کرنا شروع کردیا ہے ۔ ہم نے اس چیالنج کو قبول کیا ہے اور ان کوششوں کی بنیاد پر متوازن اقدامات کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو در پیش اہم مسائل سے نمٹنے جن اقدامات کی ضرورت ہے وہ ماضی میں نہیں کئے گئے۔ جامع ایکشن پلان وضع نہیں کیاجاسکا۔ہم نے اس پر کام کرنا شروع کردیا ہے اور ہمیں کامیابی حاصل ہونے کی امید ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ پارٹی نے سابق وزیر اٹل بہاری واجپائی کے اس طرز فکر کے مطابق کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ کسی دوست کو تو بدلا جاسکتا ہے لیکن پڑوسی کو نہیں۔ انہوں نے کہا آزادی کے بعد سے پہلی مرتبہ سارک ممالک کے سربراہان کو حلف برداری تقریب میں مدعو کیا گیا ۔ ایسا کرتے ہوئے ہم نے ان کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے کا ایک واضح پیام دیا ہے ۔ عام طور پر اس کے لئے ایک تا دیڑھ سال درکار ہوتا ہے ۔ سارک ممالک کے سربراہان کے ساتھ ہماری بات چیت ہوئی ہے اور وہ ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عوام نے بی جے پی کو اکثریت دی ہے اور ہم سے انہیں توقعات بھی ہیں۔انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک فعال اور حرکیاتی شخصیت ہیں ، وہ بصیرت کے حامل ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ آئندہ پانچ سال میں حکومت عوام کی توقعات پر پوری اترے گی ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت جشن نہیں منارہی ہے کیونکہ اسے گوپی ناتھ منڈے کی بے وقت موت کا صدمہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوپی ناتھ منڈے عوام میں مقبولیت رکھنے والے لیڈر تھے اور ہم انہیں مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر کی حیثیت سے پیش کرنے
کا منصوبہ رکھتے تھے۔ اپنے پارلیمانی حلقہ لکھنو کی ترقی کے بارے میں راج ناتھ نے کہا کہ آئندہ سودن میں ایک ایکشن پلان تیار کیاجائے گا جس کی ذمہ داری لکھنو دیولپمنٹ اتھاریٹی کے نائب صدر نشین دیاکرترپاٹھی کو دی گئی ہے ۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ نو منتخبہ این ڈی اے حکومت ملک کو موجودہ مسائل سے نجات دلانے کی پابند ہے لیکن مفلوج نظام کو ایک یا دو سال میں تبدیل نہیں کیاجاسکتا بلکہ اس کے لئے وقت دینے کی ضرورت ہے ۔، انہوں نے وزیر داخلہ کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اس بات کا یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جہاں تک سارے ملک کی سیکوریٹی کا تعلق ہے ، حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی ۔ ملک کو در پیش تمام مسائل سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ راج ناتھ نے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے پر لکھنو کے عوام سے اظہار تشکر بھی کیا۔

Unified Action Plan to Take On Terrorists, Naxals in the Making

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں