مستقبل قریب میں ہند پاک معتمدین خارجہ کی ملاقات کا منصوبہ نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-08

مستقبل قریب میں ہند پاک معتمدین خارجہ کی ملاقات کا منصوبہ نہیں

مستقبل قریب میں ہندوستان اور پاکستان کے معتمدین خارجہ کی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے جیسا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کے درمیان حالیہ ملاقات کے بعد سمجھا گیا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہ اشارہ دیا ۔ مودی سے ملاقات کے بعد نواز شریف نے میڈیا کو جو بیان دیا تھا اس پر یہ خیال کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ کی میٹنگ عنقریب ہوگی ۔ آج وزارت خارجہ ہند کے ترجمان اکبرالدین نے اخبار نوسیوں کے اس سوال پر کہ دونوں معتمدین خارجہ کب ملاقات کرنے والے ہیں جیسا کہ دونوں ممالک نے فیصلہ کیا تھا ، عجواب دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ یہ کیا گیا تھا کہ دونوں معتمدین خارجہ( ایک دوسرے سے)’’ربط میں رہیں گے‘‘۔’’مجھے یاد پڑتا ہے کہ انہوں نے (معتمد خارجہ ہند سجاتا سنگھ نے) کہا تھا کہ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دونوں معتمدین خارجہ ربط میں رہیں گے ۔ آپ(ارکان میڈیا) براہ کرم کوشش کریں اور یاد کریں کہ معتمد خارجہ ہند نے کیا کہا تھا اور انہوں نے یہ وضاحت بھی کردی تھی کہ اس (ریمارک) کے کیا معنی ہوں گے ۔ یہ بات ریکارڈ میں موجود ہے‘‘۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم آئندہ ستمبر میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے وقت فارغ کرتے ہوئے ملاقات کرنے والے ہیں ۔ اس بات کو ذہن نشین رکھتے ہوئے اخبار نویسوں نے پوچھا تھا کہ اس ملاقات کی تیاری کے سلسلہ میں معتمدین خارجہ کب ملاقات کرنے والے ہیں ۔ اکبر الدین نے کہا کہ’’اب اور آئندہ ستمبر کے درمیان کا وقت ہے ۔ کیا تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں اور وہ(معتمدین خارجہ) کس طرح ربط میں رہتے ہیں، ہم آپ کو(صحافیوں) کو باخبر رکھیں گے‘‘۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ وزیر اعظم نریندر مودی صدر امریکہ بارک اوباما سے چوٹی ملاقات کے لئے آئندہ ستمبر میں واشنگٹن جانے والے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ تبدیلی آب و ہوا چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے نیو یارک بھی جائیں گے ۔ یہ چوٹی کانگرنس جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہونے والی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بھی مناسب ہوگا کہ نواز شریف’نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے دو روزہ دورہ پر گزشتہ26مئی کو دہلی پہنچے تھے ۔ دوسرے دن دونوں وزرائے اعظم نے تقریباً50منٹ تک بات چیت کی اور تمام دیرینہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

India non-committal over India-Pak Foreign Secys' meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں