یوکرین کے فوجی طیارے پر حملہ - 49 فوجی ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-15

یوکرین کے فوجی طیارے پر حملہ - 49 فوجی ہلاک

کیف
رائٹر
روس کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے آج علی الصبح مشرقی یوکرین کے شہر لوہا نسک میں یوکرین کی فوج کے ایک مال بردار طیارہ پر طیارہ شکن مزائل سے حملہ کر کے اسے تباہ کردیا جس سے اس پر سوار تمام49فوجی ہلاک ہوگئے۔ حملہ کے وقت طیارہ ایر پورٹ پر اتر رہا تھا ۔، یوکرین کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں الیوشن76طیارہ کو مار گرائے جانے کی بات تسلیم کرلی ہے لیکن اس نے مہلوکین کی تفصیل نہیں بتائی۔ مشرقی یوکرین میں فوجی کارروائی کے ترجمان ولاد یسلاو سیلجنوف نے49فوجیوں کی ہلاکت کی توثیق کی ۔ یہ تمام افراد یوکرین کے فوجی تھے۔ پراسیکوٹر جنرل کے دفتر کے مطابق طیارہ پر9ڈرائیور اور40چھتری بردار فوجی سوار تھے ۔ لوہانسک ایرپورٹ پر سرکاری فوجیوں کا قبضہ ہے لیکن مقامی میڈیا کی خبر ہے کہ آج سٹی کنٹرول روم کے قریب لڑائی جاری تھی ۔ واضح رہے کہ یوکرین کی فوج کے اس مال بردار طیارہ پر حملہ حالیہ دنوں میں ملک میں جاری شورش کے دوران ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا خونریز واقعہ ہے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ یوکرین کی حکومت کے ان دعوؤں کے بعد ہوا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ ماریوپول نامی شہر میں روسی نواز علیحدگی پسند باغیوں کے خلاف اس نے ایک نہایت کامیاب آپریشن کیا ہے ۔ یوکرین کے وزیر داخلہ کے مشیر انٹن گیر شینکو نے کہا کہ اس آپریشن میں30دہشت گردوں کو پکڑا گیا ہے اور ان کے تمام ٹھکانے تباہ کردئیے گئے جب کہ باقی بچے جنگجو چھپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں 4یوکرین فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ گیرا شینکو نے مزید کہا کہ اس دوران یوکرین کی سرحد میں گھس جانے والے3روسی ٹینکوں کی وجہ سے یوکرین اور روسی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں ۔ اسی دوران یوکرین کے ساحلی شہر ومرویل کو حکومت کے فوجی دستوں نے دوبارہ اپنے قبضہ میں لے لیا ہے ۔ یوکرینی فوجیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اس کے ساتھ روس کے ساتھ متصل یوکرین کی سرحد کے ایک بڑے حصہ کو بھی باغیوں سے آزاد کرالیا ہے ۔ واضح رہے کہ یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں کی طرف سے کی گئی بغاوت کے بعد مغرب نواز یوکرینی حکومت کو ملنے والی یہ نہایت اہم کامیابی ہے ۔ واضح رہے کہ اس فوجی تصادم کے ساتھ ساتھ قدم بہ قدم سفارتی طور پر امن کی کوششیں بھی جاری ہیں ۔ روس یوکرین کو اس کی توانائی کی ضروریات کے لئے گیس فراہم کرتا ہے ۔ اس دوران روس نے یوکرین کو گیس کی ترسیل بند کرنے کی بھی دھمکی دی تھی۔

Ukrainian military plane shot down; all 49 aboard dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں