مقتول محسن شیخ مقدمہ - نامور سرکاری وکیل اجول نکم کی خدمات کا حصول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-11

مقتول محسن شیخ مقدمہ - نامور سرکاری وکیل اجول نکم کی خدمات کا حصول

Ujjwal-Nikam-prosecutor-Pune-techie-trial
فیس بک پر شیواجی اور دیگر ہندو رہنماؤں کی تضحیک آمیز کلمات لکھنے کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع میں پھوٹ پڑنے والے تشدد کے دوران ہلاک ہونے والے مسلم نوجوان محسن شیخ کے مقدمہ کی سماعت کے لئے ریاستی حکومت نامور سرکاری وکیل اجول نکم کی خدمات حاصل کرے گی ۔ اس بات کو یقین دہانی آج یہاں مہاراشٹر کے چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے چیر من و رکن اسمبلی امی پٹیل کی قیادت میں گئے ایک وفد کو دی ، جسمیں شولا پور کی رکن اسمبلی پرنیتی شندے، رکن اسمبلی وشووجیت کدم اور محسن شیخ کے اہل خانہ و شولا پور کے سرکردہ افراد شامل تھے۔ چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے محسن شیخ کے والد صادق شیخ اور اس کے بھائی مبین شیخ سے بھی ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ خاطیوں کے کاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اور محسن کے قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کی جانب سے مطالبہ کئے جانے پر محسن شیخ قتل کے معاملہ کی سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ کو بھی دئیے جانے کا حکم جاری کیا۔ امین پٹیل نے چیف منسٹر سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ محسن شیخ کا بھائی کامرس گریجویٹ ہے لہذا اسے دوم یا سوم درجہ کی سرکاری نوکری دستیاب کرائی جائے۔ وفد کے ارکان نے جب چیف منسٹر کی توجہ شدت پسند تنظیم ہندو راشٹر سینا اور دیگر کی جانب دلوائی تو چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے محکمہ داخلہ اور محکمہ سراغ رسانی کو شدت پسند تنظیموں کے تعلق سے مواد اکٹھا کئے جانے کا حکم دیا گیا تھا اور جیسے ہی ان کے خلاف پختہ ثبوت دستیاب ہوجائین گے ریاستی حکومت مرکز سے ان تنظیموں پر پابندی عاید کرنے کا مطالبہ کرے گی ۔ وفد میں شولاپور کے سرکردہ افراد کے علاوہ ائمہ مساجد ور علماء کرام بھی شامل تھے ۔دریں اثناء پونے سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب سٹی پولیس نے آج 13معاملے درج کئے ہیں جن میں اب تک23افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں اس وقت ہنگامہ کرکے بوال مچایا تھا جب فیس بک پر ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی اہانت آمیز تصاویر شائع کئے جانے کی وجہ سے اتوار کو کشیدگی پھیل گئی تھی ۔ یہ اطلاع پولیس کے ذرائع نے دی ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس کے جوائنٹ کمشنر سنجے کمار نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ افواہوں کی یقین نہ کریں اور فون پر بے بنیاد میسیج بھینے سے پرہیز کریں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تصاویر شائع کئے جانے کے خلاف برگشتہ عوام کی بھیڑ نے میونسپل کارپوریشن کی تقریباً30بسوں کو نقصان پہنچایا تھا۔مسٹر سنجے کمار نے بتایا کہ شہر میں صورتحال فی الحال قابومیں ہے اور پولیس نے سلامتی کے لئے مناسب بندوبست کیا ہے۔

Ujjwal Nikam will be prosecutor in trial for murder of Pune techie

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں