چھ ماہ کے وقفہ کے بعد پاکستان پر امریکی ڈرون حملے 16 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-13

چھ ماہ کے وقفہ کے بعد پاکستان پر امریکی ڈرون حملے 16 ہلاک

تقریباً6ماہ بعد کے وقفہ کے بعد پاکستان کے قبائلی ، علاقہ شمالی وزیر ستان میں دو مختلف ڈرون حملے ہوئے ہیں ، جس کے نتیجے میں16عسکریت پسند ہلاک ہوئے ۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق پہلے ڈرون حملے کے دوران تحصیل غلام خان کے ایک گھر اور ایک گاڑی پر دو میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں6ہلاکتیں پیش آئیں۔ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ، بھی ہلاک ہوا ہے تاہم تا حال اس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ میڈیا کے ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں4ازبک اور2پنجابی طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے اپنا ٹرک ایک گھر کے باہر پارک کیا جس کے بعد حملہ کردیا گیا ۔حملے کے باعث گھر اور ٹرک دونوں مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں ۔ دوسری جانب اس سے قبل میران شاہ کے قریب درپہ خیل میں ایک ور ڈرون حملے کے نتیجے میں10افراد ہلاک جب کہ4زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق ڈرونز نے چار مختلف کمپاؤنڈ اور یک پک اپ ٹرک کو8میزائلوں سے نشانہ بنایا ۔ خفیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں کم از کم10ڈرونز پرواز کررہے ہیں۔ یہ ڈرون حملے ایک ایسے موقع پر کیے گئے ہیں جب ازبک جنگجوگروپ اسلامی تحریک ازبکستان نے کراچی ایئر پورٹ حملے کی ذمہ داری قبول کی ۔ واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پوری رات چلنے والے اس حملے کے نتیجے میں10حملہ آوروں سمیت37افراد ہلاک ہوئے تھے۔

US Resumes Drone Attacks on Pakistan, After Six-Month

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں