اتر پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا طوفانی آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-20

اتر پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا طوفانی آغاز

لکھنو
پی ٹی آئی
اتر پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج طوفانی آغاز ہوا ۔ اپوزیشن نے مخالف حکومت نعرے لگائے اور ریاست میں نظم و ضبط کی صورتحال کے خلاف احتجاج کیا جس کے نتیجہ میں دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔ بی جے پی نے اپنے عزائم کو واضح کرتے ہوئے کارروائی کے آغاز سے پہلے ہی اسمبلی میں احتجاج شروع کردیا ۔ اس کے ارکان نے گیلری کے سامنے دھرنا دیا جو اسپیکر ماتا پرساد پانڈے کی کرسی کے سامنے ہے جس کے نتیجہ میں ان کا راستہ مسدود ہوگیا۔ ایوان کی کارروائی کے دوبارہ آغاز پر تمام اپوزیشن بشمول بی ایس پی ، کانگریس، بی جے پی اور آڑ ایل ڈی ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ انہوں نے اکھلیش یادو حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور صدرجمہوریہ سے حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ریاست میں نظم و ضبط اور دیگر مسائل جیسے برقی بحران نیشکر کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی پر فوری مباحث کا مطالبہ کیا ۔ بی ایس پی ارکان نے پلے کارڈس لہرائے جن پر’’قتل ، عصمت ریزی ، اور ڈکیتی، اکھلیش حکومت کو برطر ف کرو‘‘ جیسے نعرے تحریر تھے ۔ بعض ارکان نے ٹوپیاں پہن رکھی تھیں جن پر یہ نعرے درج تھے ۔اسپیکر ماتا پرساد نے ارکان سے نظم وضبط برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ چونکہ وہ ان مسائل پر نوٹس دے چکے ہیں لہذا انہیں مناسب وقت پریہ مسئلہ اٹھانا چاہئے۔ اسپیکر نے بی جے پی ارکان کی جانب سے ایوان میں داخلہ کا ان کا راستہ روکنے کے اقدام کی بھی مذمت کی اور اسے غیر جمہوری قرار دیا ۔ پانڈے نے کہا آپ نے دروازہ بند کردیا اور مجھے اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ میں ایوان کو آپ کے ہاتھوں یرغمال بننے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ یہ غیر جمہوری ہے ۔ آپ جو بھی مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں ایوان کے اندر اٹھائیں ۔ایوان میں جاری بد نظمی کو دیکھتے ہوئے اسپیکر نے وقفہ سوالات کو 12:20تک ملتوی کردیا ۔ اس وقفہ کے بعد بھی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ۔ بی ایس پی ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہوکر اور بیانر لہراتے ہوئے اپنا احتجاج جاری رکھا ۔ بی جے پی ارکان بھی ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرے باقی کرتے ہوئے کارروائی میں خلل ڈالتے رہے ۔ اسپیکر نے ایجنڈہ کو تیزی سے مکمل کرنا چاہا۔ بی جے پی کی خواتین ارکان اسمبلی نے مارشلوں کو ڈھکیل کر کرسی صدارت تک پہنچنے کی کوشش کی ۔ اسپیکر نے بار بار ان سے کہا کہ ان کا رویہ درست نہیں۔

UP Assembly Budget Session stormy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں