حیدرآباد کو ایجادات کا صدر مقام بنا دیا جائے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-20

حیدرآباد کو ایجادات کا صدر مقام بنا دیا جائے گا

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ حیدرآبا دکو ملک کا ایجادات کا صدر مقام بنادیاجائے گا۔ ہائی ٹیکس میں پہلے انڈیا گیجٹ ایکسپو2014کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے تارک راما راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت سافٹ ویر انڈسٹری کے مماثل ہارڈویر شعبہ کو بھی ترجیح دے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ کے قریب دو الکٹرانک مینو فیکچرنگ کلسٹرس کا قیام عمل میں لائے گی ۔ دونوں کلسٹرس کی تعمیر کی50فیصد لاگت مرکزی حکومت برداشت کرے گی ۔ دنیا بھر کی ممتاز اور بڑی الکٹرانک صنعتیں ان کلسٹرس میں سرمایہ کاری کے لئے بے حد دلچسپی رکھتی ہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اندرون6تا8ماہ تلنگانہ کی حکومت شہر میں ہندستان کے سب سے بڑے انکیو بیٹر(چپ ٹسٹنگ ٹول) کا قیام عمل میں لائے گی اور ہارڈ ویر شعبہ کو بھی زیادہ سے زیادہ ترجیح دی جائے گی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے مزید بتایا کہ آئی ٹی صنعت کی مالی اعانت کے لئے ریاستی حکومت سیڈ فنڈ کا قیام عمل میں لائے گی ۔ مہارتوں کے فروغ کے لئے حکومت سافٹ ویر کمپنیوں کے سات بات چیت کررہی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے تارک راما راؤ نے کہا کہ کئی انڈسٹریز جیسے ریلائنس4Gخدمات کے لئے ریاستی حکومت سے رجوع ہورہی ہیں ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حیدرآباد ٹکنالوجی کے استعمال میں ہمیشہ آگے رہا ہے ۔ 4Gخدمات کے استفادہ کے بارے میں ریاستی حکومت بہت جلد ایک فیصلہ کرے گی ۔تارک راما راؤ نے انڈیا گیجٹ ایکسپو2014کے پہلے ایڈیشن کے یہاں اہتمام پر منتظمین کی ستائش کی ۔ الکٹرانک انڈسٹری کو راغب کرنے کے لئے آئندہ ایکسپو بین الاقوامی سطح پر منعقد کیاجائے گا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے کہا کہ کیبل آپریٹرس نے اپنے طور پر چند میڈیا چیانلوں کی نشریات روک دی ہیں اور حکومت کا اس معاملہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔

India Gadget Expo begins in Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں