رمضان المبارک کے انتظامات - 5 کروڑ کی اجرائی کا تیقن - کے سی آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-17

رمضان المبارک کے انتظامات - 5 کروڑ کی اجرائی کا تیقن - کے سی آر

ریاست تلنگانہ میں ماہ رمضان المبارک کے دوران حیدرآباد کے علاوہ9اضلاع میں انتظامات کے لئے5کروڑ روپے کی منظوری کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تیقن دیا ہے ۔ حیدرآباد کے لئے ضرورت کے مطابق فنڈس جاری کرنے کا چیف منسٹر نے وعدہ کیا ۔ سیکریٹریٹ میں ماہ رمضان المبارک اور بونال تہوار سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں ڈپٹی چیف منسٹرس محمد محمود علی و ڈاکٹر ٹی راجیا کے علاوہ بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ، مجلسی ارکان مقننہ مسرس سید احمد پاشاہ قادری ، احمد بلعلہ ، سید الطاف حیدر رضوی ، جعفر حسین معراج ، کوثر محی الدین، میئر گریٹر حیدرآباد محمد ماجد حسین ، کانگریس کے رکن کونسل ایم ایس پربھاکر ، تلگو دیشم کے رکن محمد سلیم ، صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد عابد رسول خاں، ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما، حیدرآباد اور سائبر آباد کے کمشنرس ، مہندر ریڈی ، سی وی آنند اور دیگر عہدیدار شریک تھے ۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مجلس کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ نے بتایا کہ مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے حالیہ اسمبلی اجلاس میں رمضان المبارک سے متعلق جائزہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس میں چیف منسٹر نے یہ اجلاس منعقد کیا جس پروہ حکومت کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر مجلس کے مطالبہ پر چیف منسٹر نے فی الفور5کروڑ روپے جاری کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مجلس نے رمضان المبارک کے دوران برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے جس پر چیف منسٹر نے انہیں مثبت تیقن دیا ۔ صدر مجلس کے مطالبہ پر چیف منسٹر نے برقی عہدیداروں کو یہ ہدایت دی کہ شام کے اوقات بالخصوص 6تا11بجے شب عبادتوں کے دورا ن برقی کی بلا مسدود سربراہی کو یقینی بنایاجائے ۔ صدر مجلس نے سرکاری ملازمین کوچار بجے دفاتر سے چلے جانے کی اجازت کا جو مطالبہ کیا اسپر چیف منسٹر نے فوری احکام جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ رمضان المبارک کے دوران چوبیس گھنٹے بازار کھلے رکھنے کے متعلق صدر مجلس کی نمائندگی پر چیف منسٹر نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ بازار بند کرنے کی کوشش نہ کی جائے ۔ احمد بلعلہ نے بتایا کہ تاریخی مکہ مسجد میں حسب سابق مستقل شیڈ حکومت کی جانب سے نصب کیا جائے گا تاکہ روزہ داروں اور مصلیوں کو بارش سے کوئی پریشانی نہ ہو ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ شاہی مسجد باغ عامہ میں اضافی جنریٹر اور واٹر پلانٹ بھی نصب کیاجائے ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی بودھن جناب عامر شکیل نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں پہلے رمضان کی تیاریوں سے متعلق چیف منسٹر نے خصوصی ہدایات جاری کیں تاکہ خشوع و خضوع کے ساتھ مسلمان عبادات کرسکیں ۔، انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں چیف منسٹر سے مطالبہ کیا گیا کہ اضلاع کے مساجد کے لئے فی کس10تا15ہزار روپے جاری کئے جائیں ۔ رمضان کے دوران آر ٹی سی ملازمین کو کبھی بھی سہولت نہیں دی جاتی تھی ، اس مرتبہ کارپوریشن کے ملازمین کو زیادہ تر سکنڈ شفٹ میں کام نہ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

Telangana Government to release Rs. 5 crore for Ramazan arrangements

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں