تلنگانہ اور آندھرا کو لو اور دو نظریہ اختیار کرنا چاہئے - چندرابابو نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-30

تلنگانہ اور آندھرا کو لو اور دو نظریہ اختیار کرنا چاہئے - چندرابابو نائیڈو

تلگو دیشم صدروچیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اگر تلگو دیشم قوم کے درمیان تعلقات استوار کرتے ہوئے ترقی کے لئے اقدامات کیے جاتے ہیں تو تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے ممکنہ تعاون کیا جائے گا ۔ آج اپنی قیامگاہوں پر پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد تلگو قوم کے درمیان تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے ۔ دونوں ریاستوں کی ترقی کے لئے مرکزی حکومت سے فنڈس حاصل کرنا ہے ۔، اگر سیاسی مفادات حاصل کرنے دو ریاستوں کے عوام کو مشتعل کیاگیا تو عوام ہی کو نقصان ہوگا ۔ دونوں حکومتوں کو دو اور لو کے نظریہ کو اختیار کرنا چاہئے ۔دونوں ریاستوں کے عوام کو بھائی بھائی کی طرح زندگی بسر کرنے کے لئے ماحول فراہم کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے بجائے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اشتعال انگیزی کیاجانا غیر درست ہے ۔ اگر ٹی آر ایس ھکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی ہے تو تلگو دیشم کی جانب سے بھرپور تعاون کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد عوام روزگار حاصل کرنے کی فکر میں ہیں اور ٹی آر ایس سے امید لگائے ہوئے ہیں کہ انتخابات کے وقت کیے گئے وعدوں کو پورا کیاجائے گا ۔ عوام کو توقع ہے کہ شہری اور دیسی علاقے یکساں ترقی کریں گے ۔ ٹی آر ایس کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پوری اترے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ تلنگانہ راشٹراسمیتی کو اپنے انتخابی منشور پر عمل کرنا ہی ہوگا اور تلگو دیشم مکمل طور پر انتخابی منشور پر عمل آوری تک ٹی آر ایس پر دباؤ ڈالتی رہے گی ۔ انہوں نے پھر اعادہ کیا کہ علاقہ تلنگانہ کی ترقی تلگو دیشم پارٹی کی مرہون منت ہے ۔ آج ریاست تلنگانہ میں جتنی بھی ترقی ہوئی ہے وہ سب تلگو دیشم ہی کاکارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند سیاسی جماعتیں تلگو دیشم کو ختم کرنے کا خواب دیکھ رہی ہیں، مگر یہ خواب ،خواب ہی رہیں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی ایک مضبوط جماعت ہے ۔ ہم آئندہ انتخابات تک پارٹی کو قومی جماعت میں تبدیل کردیں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں