تلنگانہ ۔ طیاروں کے پرزوں کی تیاری کے 500 کروڑ کے پراجکٹ کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-24

تلنگانہ ۔ طیاروں کے پرزوں کی تیاری کے 500 کروڑ کے پراجکٹ کا سنگ بنیاد

Tata-RUAG-tie-up-produce-Dornier-aircraft-components
حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ انکی حکومت سرمایہ کاری کے منصوبوں کی فوری منظوری کے لئے ایک موثر سنگل ونڈو سسٹم متعارف کرائے گی۔ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم لمٹیڈ اور رواگ ایوی ایشن کے مشترکہ پراجکٹ کا جہاں ڈورنیر228طیاروں کے فیوز لیگ(طیاروں کا مرکزی ڈھانچہ) اور پر (ونگس) تیار کئے جائیں گے، سنگ بنیاد رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یہ بات کہی۔ شہر کے مضافات آدی بٹلہ میں ایرو اسپیس خصوصی معاشی زون میں ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم کا یہ چوتھا ایرواسٹر چکر پراجکٹ ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صنعت کاروں کو مختلف کاموں کی منظوری کے لئے ادھرادھر دفاترکی بھاگ دوڑ کی زحمت اٹھانی نہیں پڑے گی اور عہدیداروں کے ذریعہ ربط کم سے کم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ایک نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کیاجائے گا ۔ اس سلسلہ میں مختلف فریقین جیسے سی آئی آئی، فیاپسی اور ایم ایس ایم ای انڈسٹری اسوسی ایشنوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ ہمارا مقصد’’میڈان تلنگانہ‘‘ لیبل کو عالمی شناخت عطا کرنا ہے جس کے لئے معیار اور اختراعی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ میں اس بات سے پوری طرح باخبرہوں کہ ٹاٹا گروپ نے ہمارے سفیر کی حیثیت سے ہماری ذمہ داریوں کو آسان بنادیا ہے ۔ میں اس کے لئے ٹاٹا ز کا بے حد شکر گزار ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ وہ تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں گے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے مزید کہا کہ میں ٹاٹا گروپس کے علاوہ دیگر تمام سرمایہ کاروں کو یقین دلاتا ہوں کہ تلنگانہ اسٹیٹ بہترین کاروباری ماحول فراہم کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑحانے کے لئے مسابقتی مراعتی پیاکیج بھی متعارف کرائے گی ۔ میں اس پلیٹ فارم سے تمام امکانی قومی و بین قومی سرمایہ کاروں کو مدعو کرتا ہوں کہ وہ ہماری ریاست کا دورہ کریں اور تمام کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ یہاں بہترین ماحول اور سہولتوں کا تجربہ حاصل کریں گے ۔ ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم لمٹیڈ کے صدر نشین ایس رما رورائی نے کہا کہ یہ حیدرآباد میں ہمارا چوتھا ایرواسٹرکچر پروجکٹ ہوگا جہاں مسرز واگ ایوی ایشین کے اشتراک سے ہم ڈورنیر228طیارو ں کے مرکزی ڈھانچوں( فیوز لیگ) اور پرو(ونگس) کی تیاری عمل میں لائیں گے ۔ ہمارا یہ یقین ہے کہ یہ پراجکٹ طیارہ سازی کے میدان میں ہندوستان کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم ہوگا۔ یہ پراجکٹ تلنگانہ اور بالخصوص حیدرآباد کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ یہ پراجکٹ حیدرآباد کو عالمی ایرو اسپیس نقشہ پر اہمیت کا حامل مقام دلائے گا۔ رام دورائی نے کہا کہ ٹاٹا۔ رواگ پارٹنر شپ ہندوستان اور یوروپ کے درمیان تعاون و اشتراک کی ایک درخشاں مثال ہے ۔ رواگ نے عالمی سطح کے معیارات کے پراڈکٹ کی پیشکشی کے لئے یہاں ٹاٹا کو منتخب کیا ہے ۔ اس طرح ٹاٹا کو اپنے اعلی صلاحیتوں اور مہارتوں کی حامل افراد قوت کی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پانچ سال کے مختصر عرصہ میں ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم گلوبل ایرو اسپیس مارکٹ میں اہمیت کی حامل کمپنی بن گئی ہے ۔ ہم نے تاحال70ہیلی کاپٹرس کیا بنس آرڈر پر تیار کئے ہیں ۔ یہ پوری طرح دیسی ساختہ ہیں ۔، رواگ سپائی چین مینجمنٹ کے نائب صدر نشین مارٹن بی نے کہا کہ ٹاٹا کی شکل میں ہمیں مستقبل کے رواگ دڈورنیر228پروگرام کے لئے صحیح پارٹنر حاصل ہوا ہے ۔ ٹاٹا کے بہترین ٹریک ریکارڈ اور دنیا کی بہترین ایوی ایشن کمپنی بن دکھانے اس کے عزم نے ہمیں پر اعتماد بنادیا ہے کہ دونوں کا اشتراک کامیاب رہے گا اور ٹاٹا اور رواگ ایوی ایشن کے لئے طویل مدتی فائدوں کا موجب بنے گا ۔ آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم لمٹیڈ ، رواگ ایوی ایشن کے ہمراہ جو ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے میدان میں ایک بین الاقوامی گروپ ہے، کام کرتے ہوئے مکمل طیارہ سازی کا نشانہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم لمٹیڈ کے صدر نشین ایس رما دورائی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ رواگ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مقصد ایک مکمل طیارہ کی تیاری عمل میں لانا ہے۔ ٹاٹا کی فائنل اسمبلی سے ہم ایک دن مکمل طیارہ تیار کر کے باہر نکالیں گے ۔ اگر ایسا ہوجاتا ہے تو یہ ملک کی مسلح افواج کی ایک بڑی خواہش کی تکمیل ہوگی کہ اپنے پراڈکٹس مقامی طور پر تیار کئے جائیں جو عالمی سطح پر اثر انداز ہوسکیں ۔ سوئزر لینڈ کی ٹکنالوجی اینڈ ڈیفنس کمپنی رواگ کے ساتھ اشتراک ہمارے لئے اپنے مقصد کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس کمپنی کا ہیڈ کوارٹر برن(سوئزر لینڈ) میں ہے۔ رما دورائی نے بتایا کہ سوئزر لینڈ کی کمپنی کے ساتھ اشتراک نے ہمیں اپنے مقصد کے حصول کی طرف پیشرفت میں ایک نئی جہت عطا کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاٹا فائنل اسمبلی کے ذریعہ ہم ایک دن مکمل طیارہ دیسی طور پر تیار کرنے کے قابل ہوجائیں گے ۔

Tata-RUAG tie up to produce Dornier aircraft components

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں