ہندوستان کے 47 ماہی گیر گرفتار - سری لنکا بحریہ کی کارروائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-20

ہندوستان کے 47 ماہی گیر گرفتار - سری لنکا بحریہ کی کارروائی

رامیشورم(ٹاملناڈو)
یو این آئی
سری لنکائی بحریہ نے47ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا اور ان کی میکانائزڈ فشنگ بوٹس( کشتیاں ) ضبط کرلیں ۔ انٹر نیشنل میری ٹائم باؤنڈری لائن(آئی ایم بی ایل) کی خلاف ورزی کرنے اور جزیرہ نما ملک کی سمندری حدود میں داخل ہوکر وہاں ماہی گیری کرنے کے الزام میں یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ ٹاملناڈو کے محکمہ سمکیات کے ایک سنیئر عہدیدار نے بتایا کہ رامیشورم کے23ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا اور ان کی پانچ کشتیاں ضبط کرلی گئیں جب کہ ضلع پڈوکٹائی کے 24ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا اور ان کی6کشتیاں ضبط کرلی گئیں ۔ انہیں پوچھ تاچھ کے لئے کانکیسن تھرائی اور تھلائی منار لے جایا گیا ہے ۔ سری لنکائی بحریہ نے نریندر مودی زیر قیادت حکومت کے مرکز میں بر سر اقتدار آنے کے بعدسے چوتھی مرتبہ ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے ۔ اسی دوران چینائی سے موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا نے42ماہی گیروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ سفارتی ذرائع سے فوری کارروائی یکریں تاکہ تمام ماہی گیروں کی رہائی کو یقینی بنایاجاسکے جو سری لنکا کی تحویل میں ہیں ۔ وزیر اعظم کو بھیجے گئے ایک نیم سرکاری مکتوب میں جس کی نقول یہاں میڈیا کے لئے جاری کی گئیں، انہوں نے کہا کہ سری لنکائی بحریہ کے ہاتھوں 46ماہی گیروں کی گرفتاری اور ان کی11کشتیوں کی ضبطی کے بارے میں مودی کو خط لکھتے ہوئے انہیں بے حد دکھ ہورہا ہے ۔ انہو ں نے وزیر اعظم کی جانب سے انہیں4جون کو روانہ کئے گئے مکتوب کی یاددہانی کراتے ہوئے جس میں تمام سری لنکائی ماہی گیروں کی رہائی میں ریاستی حکومت کا تعاون طلب کیا گیا تھا کہا کہ اس تناظر میں سری لنکائی بحریہ کی یہ شرمناک حرکت جس کا شکار بے قصور اور غیر مسلح ہندوستانی ماہی گیرہوئے ہیں ، ہماری مایوسی میں مزید اضافہ کرتی ہے جو ٹاملناڈو کے ماہی گیروں کی گرفتاریوں کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکائی بحریہ کے اس اقدام کا مقصد ماہی گیروں کو خوف میں مبتلا کرنا اور انہیں آبنائے پاک و چکا تھیو کے اطراف و اکناف روایتی سمندری حدود میں ماہی گیری سے روکنا ہے ۔

Sri Lankan Navy arrests 47 Indian fishermen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں