نواز شریف دورۂ ہند سے زیادہ خوش نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

نواز شریف دورۂ ہند سے زیادہ خوش نہیں

ہندوستان نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے حالیہ دور ہ نئی دہلی سے جس انداز میں نمٹا ہے ، اس سے شریف’’زیادہ خوش نہیں ہیں‘‘ وزیر اعظم پاکستان ‘نریندر مودی کی بحیثیت وزیر اعظم ہند تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے دہلی آئے تھے ۔ پاکستان کے حکمراں مسلم لیگ ، نواز پارٹی کے ایک قائد نے جن کا نام نہیں بتایا گیا ، دعویٰ کیا کہ نواز شریف ’’زیادہ خوش نہیں ہیں‘‘۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ پاکستان مسلم لیگ ۔ نواز کے ایک سینئر رکن نے ڈان نیوز کو بتایا کہ نئی دہلی میں دونوں وزرائے اعظم کے درمیان دو بد وملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس نہ ہونے کے سبب شریف نے سبکی محسوس کی ۔ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا وفد ، ایک مشترکہ اعلامیہ کی توقع کررہا تھا لیکن وہ بھی جاری نہیں کیا گیا اور اس کے بجائے نئی دہلی نے یکطرفہ طور پر ایک صحافتی بیان جاری کیا جس میں اسلام آباد کے موقف کا تذکرہ نہیں کیا گیا ۔ مذکورہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ’’شریف ہندوستان میں اپنے استقبال پر زیادہ خوش نہیں ہیں‘‘۔ میڈیا اطلاع میں یہ بھی کہا گیا کہ ہندوستان کے بیان میں شریف کا صرف سر سری تذکرہ کیا گیا تھا اور مذکورہ تقریب حلف برداری میں ان کی موجودگی کی اہمیت کو مناسب انداز میں تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔ حکمراں پاکستان مسلم لیگ ۔ نواز کے ایک لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان کا جاری کردہ بیان’’اچانک اور ناکافی نوعیت کا تھا‘‘۔، اس سبب نواز شریف اپنے طور پر ایک پریس کانفرنس منعقد کرنے پر مجبور ہوگئے تھے جس میں انہوں نے محتاط الفاظ پر مبنی ایک بیان پڑھ کر سنایا تاکہ’’اس دورہ میں جو کچھ حاصل ہوا ہے وہ ضائع نہ ہونے پائے‘‘۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت پاکستان اب سکریٹریز کی سطح پر ہونے والی بات چیت سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہے ۔ شریف کے دورہ دہلی کے دوران دونوں ممالک نے سکریٹریز کی سطح پر ملاقات سے اتفاق کرلیا ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے میں یہ ملاقات کامیابی کی راہ ہموار کرے گی۔

Nawaz Sharif 'Not Too Happy' with India Visit: Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں