عراق خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے - سعود الفیصل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

عراق خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے - سعود الفیصل

ریاض
رائٹر
سعودی وزیر خارجہ پرنس سعود الفیصل نے کہا ہے کہ عراق کی صورتحال سے خانہ جنگی کے اشارے مل رہے ہیں ۔ اسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی ، کے وزرائے خارجہ کی جدہ میں ہونے والی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرنس سعود الفیصل نے کہا کہ مملکت سعودی عرب خطہ کی صورتحال سے متعلق اپنے مسلمہ موقف پر قائم ہے ۔ یاد رہے سعودی عرب کی کابینہ نے پیر کے روز اپنے اجلاس میں وہاں کے حکمرانوں کی فرقہ وارانہ پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا تھا ۔ گزشتہ کئی برسوں سے جاری عراقی پالیسیوں نے ملک کے امن ، استحکام اور آزادی کو خطرات سے دوچار کردیا ہے ، کابینہ کے اجلاس کے بعد عبدالعزیز خوجہ نیس رکاری خابر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عراق میں گزشتہ برسوں کے دوران فرقہ وارانہ اور دیوار سے لگانے کی پالیسیوں کو اختیار نہ کیاجاتا تو حال ہی میں رونما ہونے والے واقعات پیش نہ آتے ۔ ان پالیسیوں نے عراق کی سلامتی ، استحکام اور خود مختاری کو خطرات سے دوچار کردیا ہے ۔ سعودی حکومت نے عراق کے داخلی امور میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کو مسترد کردیا ہے اور اس کی خود مختاری ، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اس کے علاوہ اس نے عراق میں جلد سے جلد قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ملک میں سیکوریٹی اور استحکام کو بحال کیاجاسکے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ’’ حکومت نے عراقی شہریوں کے تحفظ اور ان کی مشکلات کم کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور پڑوسی ملک میں مذہبی اور فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی پر مبنی پالیسیوں سے بھی گریز کا مشورہ دیا ہے ۔‘‘

Saudi Arabia warns of civil war in Iraq

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں