سعودی عرب میں بھی کیڈبری چاکلیٹس کی جانچ کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-02

سعودی عرب میں بھی کیڈبری چاکلیٹس کی جانچ کا حکم

pork-dna-found-in-two-chocolate-products-of-cadbury
ملٹی نیشنل کمپنی کیڈ بری کے بعض برانڈ کے چاکلیٹوں میں خنزیر کے اجزا پائے جانے کا تنازعہ ملائیشیا سے سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔ ملائشیا کی حکومت نے جہاں کیڈ بری کے بعض چاکلیٹوں پر پابندی عائد کردی ہے وہیں سعودی انتظامیہ نے ایسے مشتبہ چاکلیٹوں کی جانچ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سعودی فوڈاینڈ ڈرگ اتھاریٹی (ایس ایف ڈی اے) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملائشیا کی وزارت صحت کی طرف سے کھانے پینے کے سامان میں غیر حلال اجزاء کی وقتاً فوقتاً کی جانے والی جانچ کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کیڈ بری ملک ہیزل نٹ او رکیڈ بری ڈیری ملک روسٹ آلمنڈ چاکلیٹوں میں سور کے اجزاء موجود تھے ایس ایف ڈی اے نے کہا ہے کہ اس انکشاف کے بعد سعودی عرب میں درآمد کئے جانے والے کیڈ بری کے مختلف چاکلیٹ کے نمنوں کو جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ان چاکلیٹوں میں خنزیر کے اجزاء تو نہیں ہیں ۔ ایس ایف ڈی اے کے نائب چیئرمین صالح المیمین نے کہا کہ خنزیر اسلام میں حرام ہے اور اگر کسی بھی چیز میں اس کے اجزاء پائے گئے تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ کیڈ بری کی مصنوعات ہم ملائشیا سے نہیں درآمد کرتے بلکہ یہ مصر اور برطانیہ سے آتے ہیں لیکن ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ یہ پوری طرح حلال ہیں۔ خیال رہے کہ ملائشیا کی وزارت صحت کی طرف سے اس انکشاف کے بعد کہ کیڈبری کے بعض چاکلیٹوں میں خنزیر کے اجزاء پائے گئے ہیں، ملک بھر میں زبردست غم و غصہ اور ناراضگی پھیل گئی ہے ۔ مسلم تنظیموں نے اس کے خلاف احتجاج کیا ہے اور حکومت سے قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کیڈ بری ملائشیا نے مذکورہ انکشاف کے بعد چاکلیٹوں کے مشتبہ کھیپ دکانوں سے واپس لے لئے ہیں اور کہا ہے کہ اگر ان میں واقعی خنزیر کے اجزا موجود ہیں تو وہ اسکے لئے معافی مانگتے ہیں تاہم مسلمان کیڈ بری کے اس بیان سے مطمین نہیں ہیں۔ جرینگن میلا ملائیشیا نامی سماجی گروپ کے صدر ازان الدین حمزہ نے کہا کہ پہلے تو انہوں نے ہمیں سور کھلا یا اور اب معافی مانگ رہے ہیں ۔ اس کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایک دیگر مسلم گروپ نے کیڈ بری کے خلاف ایک طرح سے جنگ چھیڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔ اسلامک انفارمیشن اینڈ سروس فاؤنڈیشن کے سکریٹری جنرل سباریہ عبداللہ نے کہا کہ مسلمان بہت زیادہ ناراض ہیں ۔انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے خون کو ناپاک کردیا گیا ۔ کیڈ بری ملائشیا نے فیس بک پر ایک بیان پوسٹ کرکے کہا ہے کہ ہم مسلمانوں کی شکایتوں کو سننے کے لئے تیار ہیں۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اس بات کو یقین بنانے کے لئے کہ ہمارے پروڈکٹس حلال ہیں ، انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ کمپنی نے کہا ہے کہ ہم خود بھی مذکورہ چاکلیٹوں کی جانچ کررہے ہیں ۔ ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ چاکلیٹوں میں خنزیر کے اجزاء کیسے داخل ہوئے ۔ اس کے بارے میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں ۔، بعض حلقوں کا خیال ہے کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر اور مسلمانوں کو پریشانی میں مبتلا کرنے کے لئے منصوبہ بند سازش کے تحت کیا گیا ہے ۔

Saudi Arabia tests Cadbury chocolates for pork traces

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں