ریل کرایوں میں اضافہ - دہلی میں کانگریس اور سی پی ایم کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-22

ریل کرایوں میں اضافہ - دہلی میں کانگریس اور سی پی ایم کا احتجاج

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ریل کرایوں میں بھاری اضافہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کانگریس اور سی پی ایم کارکن آج قومی دارالحکومت میں سڑکوں پر نکل آئے اور اس اضافہ کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا ۔ پارٹی کے دہلی یونٹ کے صدر ارویندر سنگھ لولی کی زیر قیادت درجنوں کانگریس کارکنوں نے مغربی دہلی کے جنگ پوری علاقہ میں احتجاج کیا اور پولیس کے ساتھ متصادم ہوگئے۔ احتجاجیوں نے جب رکاوٹیں توڑنے کی کوشش کی تو پولیس کو آبی توپوں کا بھی استعمال کرنا پڑا ۔ ارویندر سنگھ لولی نے کہا کہ یہ بڑا بھاری اضافہ ہے۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے صرف چند ہفتے پہلے وہ اتنا بھاری اضافہ کس طرح کرسکتے ہیں ۔ جو لوگ انتخابات سے پہلے اچھے دنوں کی بات کرتے تھے اب وہ کڑوی گولی کی بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابات سے پہلے مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کیا تھا لیکن مجھے شبہ ہے کہ ایسا ہوگا ۔ اگر وہا یسے ہی اقدامات کرتے رہے تو مجھے یقین ہے کہ ملک کے عوام اس حکومت کو سزا دیں گے ۔ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہورہی ہے ۔ حکومت سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے لولی نے کہا کہ مسافرین کو شدید دھکہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ اس اضافہ کی وجہ سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا کیونکہ مال برداری کی شرحوں میں بھی6.5فیصدکا اضافہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر اس فیصلہ کو واپس نہ لیا گیا تو پارٹی ریل روکو احتجاج شروع کرے گی ۔ دوسری طرف سی پی آئی ایم کے دہلی یونٹ نے بھی ریل بھون کے باہر احتجاج منظم کیا ۔ سی پی آئی ایم ، دہلی کے رکن انوراگ سکسینہ نے کہا کہ اقتدار پر آنے سے پہلے بی جے پی نے دیگر جماعتوں کی پالیسیوں اور منصوبوں پر تنقید کی تھی اور عوام کو مہنگائی سے راحت فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے ان کا بھروسہ جیتا تھا لیکن اب وہ بھی وہی کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دیگر جماعتوں کو اپنے نکات نظر پیش کرنے کا موقع نہیں دیا اور بجٹ اجلاس سے پہلے ہی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔،سکسینہ نے کہا کہ وہ لوگ یوپی اے کو صرف بہانہ بنانے کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ پچھلی حکومت اب جاچکی ہے ۔ بی جے پی کو چاہئے کہ وہ یوپی اے کوبلی کا بکرا بنانے کے بجائے اپنے وعدے پورے کرے۔ ان احتجاجی مظاہروں کے سبب وسطی دہلی میں ٹریفک بری طرح جام ہوگئی۔ ارویندر لولی نے کہا کہ کانگریس دہلی میں اسمبلی انتخابات کے امکانات کے مد نظر کرنے جیسا کہ بعض بی جے پی قائدین نے کہا تھا ، اب تک احتجاج نہیں کررہی تھی ۔، انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ دہلی میں اسمبلی انتخابات جلد منعقد کئے جائیں گے یا نہیں۔ واضح رہے کہ ریلویز نے اب تک کے سب سے بڑے اضافے میں کل تمام درجوں کے مسافرکرایہ میں14.2فیصد کا اضافہ کیا ۔ سالانہ آٹھ ہزار کروڑ روپے اکٹھا کرنے مال برداری شرحوں میں بھی6.5فیصد کا اضافہ کیا گیا۔اسی دوران لکھنو سے موصولہ آئی اے این ایس کے اطلاع کے مطابق سماج وادی ریلوے کرایوں میں اضافہ کرنے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران ان کی بی جے پی کارکنوں کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی ۔، احتجاجیوں نے اضافہ کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرس میں ٹریفک مسدود کردی او روارانسی میں وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلہ جلایا جو مودی کا انتخابی حلقہ ہے۔ بعض مقامات پر حکمراں جماعت کے کارکنوں نے بھی ٹریفک کی آمد ورفت میں خلل ڈالا ۔، سماج وادی پارٹی قائدین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پارٹی اپنے احتجاج میں شدت پیدا کرے گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی جیسے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ہاتھوں شکست کا سامناکرنا پڑا ہے ۔ اب عام آدمی سے متعلق مسائل پر ایک بڑے احتجاجی منصوبہ پر عمل کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کرایوں میں اضافہ نے اسے ایک موقع فراہم کیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ بی جے پی نے عوام کو اچھے دنوں کے خواب دکھائے تھے لیکن عوام دیکھ سکتے ہیں کہ اس کی ابتدا کیسی ہے ۔یو این آئی کے بموجب بہوجن سماج وادی پارٹی صدر مایاوتی نے مسافر کرایوں اور ریلوے میں مال برداری کی شرح میں اضافہ کرنے نریندر مودی حکومت کے فیصلہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ملک کے عوام پر برا اثر پڑے گا اور افراط زر میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت نے لوک سبھا انتخابات میں اپنی مہم کے دوران بلند بانگ دعوے کیے تھے اور اب اس نے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اضافے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ بی جے پی کے دور حکومت میں عوام کے برے دن شروع ہوچکے ہیں ۔ اتر پردیش کی سابق چیف منسٹر نے کہا کہ اس اقدام سے ثابت ہوتا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں دونوں ہی ملک کے غریب عوام کے دشمن ہیں۔

Protests in Delhi against rail fare hike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں