سینکڑوں ہندوستانی نجف میں پھنس گئے - 39 مغویہ ہندوستانی محفوظ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-22

سینکڑوں ہندوستانی نجف میں پھنس گئے - 39 مغویہ ہندوستانی محفوظ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
گڑ بڑ زدہ عراق کے موصل شہر میں مغویہ39ہندوستانیوں کی رہائی کے لئے کوششیں جاری ہیں اور حکومت اغوا کنندوں کی شناخت معلوم ہونے کے بعد بحران کی یکسوئی کے لئے خطہ کے ملکوں کے ساتھ ربط میں ہے۔حکومت نے کہا کہ تمام مغویہ ہندوستانی محفوظ ہیں اور وہ ان کی رہائی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور پوری طرح سے سرگرم ہے ۔ ایک ایسے وقت جب کہ عراق کے گڑ بڑ زدہ علاقوں میں تمام ہندوستانیوں کو بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ ایمسٹ انٹر نیشنل نے ادعا کیا ہے کہ سینکڑوں ہندوستانی نجف صوبہ میں پھنسے ہوئے ہوسکتے ہیں ۔ انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے ادعا کیا کہ اس نے ایک انفراسٹرکچر اور کنسٹرکشن کمپنی کے لئے کام کرنے والے بعض ہندوستانی ورکرس کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے جنہو ں نے کہا کہ وہ خطرہ میں ہے کیونکہ ان کے آجرین نے انہیں پاسپورٹ حوالہ کرنے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے وہ خلیجی ملک کو نہیں چھوڑ سکتے ۔ ایمنسٹ انٹر نیشنل انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے شواہد ملے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ سینکڑوں ہندوستانی عراق کے نجف صوبہ میں پھنسے ہوئے ہیں جو اس لئے وطن واپس نہیں ہوسکتے کیونکہ ان کے آجرین نے پاسپورٹ واپس کرنے سے انکار کردیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بغدا د کے ہندوستانی مشن نے متعلقہ کمپنی سے ربط پیدا کیا ہے اور اس معاملہ کو جلد حل کیاجاسکتا ہے ۔ وزارت خارجہ ترجمان سید اکبر الدین نے بتایا کہ آج تک تمام39مغویہ ہندوستانیوں کو کوئی گزند نہیں پہنچی۔ اس دوران اندور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک مقامی جوڑا جس کا تعلق فرقہ بواہیر سے ہے عراق میں مقد س شہروں نجف اور کربلا کی زیارت کے بعد بحفاظت لوٹ آئے ۔ اس دوران راجستھان کے چیف منسٹر وسندراراجے وزیر خارجہ سشما سوراج کو خط لکھتے ہوئے عراق میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت اور عاجلانہ رہائی کے لئے مداخلت کی اپیل کی ۔، اس دوران6پنجابی جن کا تعلق مرداس پور ضلع سے ہے عراق سے بحفاظت وطن واپس لوٹ آئے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج یقین دلایا ہے کہ عراق میں تمام پنجابی محفوظ ہیں۔ اس دوران چنڈی گڑھ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت پنجاب نے مرکز کو عراق میں پھنسے ہوئے500سے زیادہ افراد کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ دی۔ حکومت ہریانہ کی جانب سے قائم کردہ کنٹرول روم کو ابھی تک127افراد کے بارے میں ان کے افراد خاندان نے معلومات فراہم کی ہیں جو شورش زدہ عراق میں پھنسے ہوئے ہیں ، ان کا تعلق ریاست کے شمالی علاقوں بشمول یمنا نگر، کروکشیتر، کرنال، امبالہ اور کیتھل اضلاع سے ہے ۔ اس دوران چیف منسٹر پنجاب نے بتایا کہ عراق میں پھنسے ہوئے تمام پنجابی محفوظ ہیں ،۔ اور ریاستی حکومت ان کی محفوظ واپسی کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ مسلسل ربط میں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹیلی فون کر کے انہیں بتایا کہ تمام پنجابی جو عراق میں پھنسے ہوئے ہیں وہ محفوظ ہیں ۔ شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی، دہلی سکھ گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے علاوہ سماجی اور مذہبی تنظیمیں پنجاب بھر کے مختلف علاقوں میں ان پنچابیوں کی محفوظ واپسی کے لئے دعائیں کررہے ہیں۔

Hundreds of Indians stranded in Najaf; 39 abducted workers 'unharmed'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں