وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔سی۔آر دلت طبقہ کے سب سے بڑے دشمن - کرشنا مادیگا کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-23

وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔سی۔آر دلت طبقہ کے سب سے بڑے دشمن - کرشنا مادیگا کا الزام

Manda-Krishna-Madiga-Fire-On-Kcr
وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے ۔چندراشیکھرراؤ دلت طبقہ کے سب سے بڑے دشمن ،تلنگانہ میں دلت طبقہ ہی سب سے بڑے نقصان سے دوچار
10جولائی سے تلنگانہ میں دلت آتما گؤرو یاترا،حیدرآباد میں اگست میں اختتامی جلسہ ، مفت تعلیم اور اراضی کی تقسیم پر شکوک کا اظہار
تانڈور میں صدر مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی مندا کرشنا مادیگا کا الزام
ریاستی صدر مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی ( ایم آرپی ایس ) مندا کرشنا مادیگا نے الزام عائد کیا ہیکہ وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ کو وہ دلت طبقہ کا سب سے بڑا دشمن مانتے ہیں انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں سب سے بڑا نقصان دلت طبقہ کا ہوا ہے مندا کرشنا مادیگا آج یہاں کے ریلوے فنکشن ہال میں منعقدہ ایک شادی میں شرکت کی غرض سے تانڈور آئے ہوئے تھے شادی میں شرکت کے بعد وہ مقامی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ایم آر پی ایس مندا کرشنا مادیگا نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے بارہا مرتبہ اعلان کیا تھا کہ وہ ریاست تلنگانہ کا وزیراعلیٰ کسی دلت طبقہ کے فرد کو بنائیں گے لیکن جب اقتدار ہاتھ آیا تو وہ خود وزیراعلیٰ بن بیٹھے اور یہ دلت طبقہ کے ساتھ کے سی آر کا پہلا دھوکا ہے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مندا کرشنا مادیگا نے کسانوں کو تلنگانہ سرکار کی جانب سے تین ایکڑ اراضی کی فراہمی کے فیصلہ پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 2003ء میں وزیراعلیٰ کے چندراشیکھر راؤ نے 80؍دلت طبقہ کے دانشوروں ے ساتھ ملاقات میں ایک ایجنڈا تیار کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ تلنگانہ ریاست کا اولین وزیراعلیٰ دلت طبقہ سے ہوگا اور کسانوں کو 5؍ایکڑ اراضی فراہم کی جائے گی ۔ صدر ایم آر پی ایس مندا کرشنا مادیگا نے یہ انکشاف بھی کیا کہ 2011ء میں تہلکہ کی جانب سے لئے گئے انٹرویومیں اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ کے سی آر وزیراعلیٰ کے عہدہ کے لئے ہی علحدہ تلنگانہ کی تحریک چلارہے ہیں کہا تھا کہ وہ ہرگز وزیر اعلیٰ نہیں بنیں گے اور دلت طبقہ کو یہ موقع دیں گے ۔مندا کرشنا مادیگا نے الزام عائد کیا کہ انتخابات کے بعد دلت طبقہ کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور اس طبقہ کو کسی کی تائید حاصل نہ ہونے پر ہی کے سی آر وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے معاملہ میں اظہا ر خیال کرتے ہوئے صدر ایم آر پی ایس مندا کرشنا مادیگا نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کا کہنا ہیکہ 20 ؍ہزار کروڑ روپیوں کی معافی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ اس سے 80؍فیصد فائدہ ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والوں کو ہی ہوگا اوراس قرضہ جات کی معافی سے صرف چند کسانوں کو ہی فائدہ حاصل ہوگا ۔ مندا کرشنا مادیگا نے وزیراعلیٰ کے سی آرسے استفسار کیا کہ کیوں جاریہ سال سے ہی وہ اپنے انتخابی مینی فیسٹو میں کئے گئے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے اپنے وعدہ کو پور ا نہیں کررہے ہیں اور کیوں اس کے لئے دوسال کے بعد عمل آوری کی بات کہہ رہے ہیں جبکہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے لئے جہاں 20؍ہزار کروڑ روپئے صرف ہونگے وہیں اس کے جی تا پی جی مفت تعلیم پر عمل آوری کے لئے 2؍ہزار کروڑ روپئے ہی صرف ہونگے صدرایم آر پی ایس مندا کرشنا مادیگا نے اس کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے حکومت کے وعدے پر عمل آوری سے متعلق اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم پر اسی وقت عمل آوری ممکن ہے جب تلنگانہ میں موجود تمام خانگی مدارس اور کالجس کو سرکاری تحویل میں لیا جائے یا پھر طلباء کو فی ری ایمبرسمنٹ کی سہولت دی جائے تو ہی اس اسکیم پر عمل آوری ممکن ہے ۔ صدر ایم آر پی ایس مندا کرشنا مادیگا نے اس موقع پر اعلان کیا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد دلت طبقہ سے کی گئیں نا انصافیوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے وہ 10؍جولائی سے \" دلت آتما گؤرویاترا \" کا آغاز کرنے والے ہیں ان کی یہ یاترا تلنگانہ کے تمام 10؍اضلاع کا احاطہ کرے گی اور ماہ اگست میں اس یاترا کا حیدرآباد میں اختتام ہوگا اور اس اختتامی جلسہ میں تلنگانہ سے 10؍لاکھ دلت شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر صدر ایس سی ویلفیر اسوسی ایشن تانڈورسی سی آئی راملو اور دیگر موجود تھے۔

KCR is the enemy of Dalit community, Manda Krishna Madiga Fire On Kcr

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں