پاکستان میں جیو نیوز چینل کا لائسنس 15 دن کے لیے معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

پاکستان میں جیو نیوز چینل کا لائسنس 15 دن کے لیے معطل

پاکستان نے آج جیو نیوز چیانل کا لائسنس 15دن کے لئے معطل کردیا ۔ فوج اور باثر آئی ایس آئی کو بدنام کرنے پر حکومت پاکستان نے یہ قدم اٹھایا ہے ۔ اس سے ایک ہی دن قبل جیو نیوز چیانل نے اس چیانل کو بدنام کرنے پر حکام کے خلا ف مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ متعلقہ حکام ، برسر عام معافی مانگیں اور50ملین روپے ہرجانہ ادا کریں ۔، جیو نیوز اور جنگ گروپ نے وزارت دفاع ‘آئی ایس آئی اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھاریٹی(PEMRA) پر قانونی نوٹس تعمل کی ہے۔ دریں اثناء پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھاریٹی نے جیو نیوز کا لائسنس معطل کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ اتھاریٹی کے صدر پرویز راٹھور کی صدارت میں منعقد ہ ایک اجلاس میں کیا گیا ۔ اتھاریٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس اتھاریٹی نے پی ای ایم آر اے قوانین کی متعلقہ دفعات پر تفصیلی غور کرنے کے بعد اس بات کا سخت نوٹس لیا ہے کہ جیو نیوز نے قوانین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔ اجلاس نے اس چیانل کا لائسنس15دن کے لئے فوری معطل کرنے کا فیصلہ ، متفقہ طور پر کیا ۔ مزید برآں10ملین روپے (ایک کروڑ روپے) جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ یہ رقم جرمانہ معطلی کی مذکورہ مدت ختم ہونے سے پہلے ادا کرنا ہوگا۔ جرمانہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں لائسنس کی معطلی جاری رہے گی ۔ اتھاریٹی نے مزید فیصلہ کیا ہے کہ چیانل کی جانب سے بار بار خلاف ورزیوں کی صورت میں اس کا لائسنس واپس لئے جانے کی کارروائی شروع کی جائے گی ۔ اجلاس جیو نیوز کے خلا ف وزارت دفاع کی ایک شکایت پر غور کرنے کے لئے منعقد ہوا ۔ جیو نیوز نے آئی ایس آئی اور اس کے چیف لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کو صحافی حامد میر پر حملہ کا ذمہ دار گردانا تھا۔ حامد میر ، گزشتہ ا پریل میں فائرنگ کے واقعہ میں شدید زخمی ہوئے۔ جیو نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ کراچی میں حامد میر پر حملہ میں آئی ایس آئی کا ہاتھ تھا ۔ اس رپورٹنگ کے بعد وزارت دفاع نے مطالبہ کیا کہ جیو نیوز لائسنس معطل کردیا جائے ۔ یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب حامد میر کے بھائی نے الزام لگایا کہ آئی ایس آئی میں موجود’’بعض عناصر‘‘ اور اس کے صدر نے حامد میر پر حملہ کی سازش کی ۔ فوج نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ جیو نیوز ویب نیٹ ورک اور جنگ گروپ نے گزشتہ26 مئی کو پاکستان کے مسلح فورسس اور آئی ایس آئی سے معافی مانگ لی تھی۔ حامد میر پر قاتلانہ حملہ پر عائد کردہ الزامات پر یہ معافی مانگی گئی تھی۔ چیانل کے لائسنس کی معطلی سے ایک دن قبل جیو نیوز اور جنگ گروپ نے وزارت دفاع آئی ایس آئی اور پی ای ایم آر اے پر ایک قانونی نوٹس کی تعمیل کی ۔ اس نوٹس میں کہا گیا کہ گروپ (جنگ گروپ) کو بدنام کیا گیا ہے ۔ (جیو نیوز چیانل ،جنگ گروپ کی ملکیت ہے) قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع آئی ایس آئی اور پی ای ایم اے آر اے مخالف پاکستان ایجنڈہ پر کام کررہے ہیں اور جنگ گروپ کے خلاف تشدد بھڑکارہے ہیں ۔ کیبل آپریٹرس پر جیو نیوز چیانل کا بلیک آؤٹ کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ نوٹس میں تمام مخالف فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ اندرون14یوم برسر عام معافی مانگیں اور 50ملین روپے ہرجانہ ادا کریں۔ قانونی نوٹس میں جنگ گروپ سے وابستہ8ہزار صحافی ، ورکرس اور پیشہ ور ماہرین اور ان کے خاندانوں کو نہ صرف ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے بلکہ پاکستان بھرمیں ان پر حملے کئے جارہے ہیں اور انہیں ایذا رسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز چیانل پر تعطل کے سبب وزیر اعظم نواز شریف اور فوج کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔ پاکستان کی تاریخ کی نصف سے زیادہ مدت میں اس ملک پر فوج کی حکومت رہی ہے ۔ پی ای ایم آر اے نے آج ا پنے بیان میں کہا ہے کہ جیو نیوز کو آج سے15دن کے ل ئے رسمی طور پر بند کردیا گیا ہے ۔ خبر ملی ہے کہ جنگ گروپ کے اخبارات کی تقسیم میں بھی خلل پڑا ہے ۔

Pakistan Suspends Geo TV's Licence for Defaming the Army

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں