ہند۔ پاک تعلقات کے اچھے دن آ رہے ہیں - پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-18

ہند۔ پاک تعلقات کے اچھے دن آ رہے ہیں - پاکستان

پاکستان نے نریندر مودی کے الفاظ دہراتے ہوئے آج کہا کہ ہندوستان کے ساتھ باہمی تعلقات کے ’’اچھے دن آرہے ہیں‘‘ اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس ملک کو غیر امتیازی مارکٹ رسائی(این ڈی ایم اے) عطا کرنے کے عمل کا آغاز دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے احیاء کے بعد ہوگا ۔ پاکستانی ہائی کمشنر متعینہ ہند عبدالباسط نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ باہمی بات چیت شروع ہونے دیں ۔ ہمارے دونوں وزرائے اعظم نے ملاقات کی ہے اور تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ جب وقت آئے گا تو معاملات آگے بڑھیں گے۔ وہ ہندوستان کو انتہائی پسندیدہ ملک یا این ڈی ایم اے موقف دینے سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے ’’عالیشان پاکستان دوسری پاکستانی لائف اسٹائل ایکزیبیشن‘‘ کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام نے اپنے متعلقہ قائدین کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر مفاہمت پیدا ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایسی کوئی وجہ نہیں کہ میں ایک لمحہ کے لئے بھی اس بات پر شبہ کروں کہ اچھے دن آرہے ہیں ۔ مودی نے اپنے انتخابی نعرے کے طور پر اس جملہ اچھے دن آرہے ہیں کا استعمال کیا تھا اور انتخابات میں انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ۔ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف مودی کی بحیثیت وزیر اعظم حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے یہاں آئے تھے ۔ دونوں قائدین نے مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا تھا ۔ پاکستان نے ہندوستان کو این دی ایم اے موقف دینے کا فیصلہ ملتوی کیا ہے کیونکہ وہاں اس مسئلہ پر اتفاق رائے نہیں پایاجاتا ۔ خطہ قبضہ پر تشدد میں اضافہ کے بعد گزشتہ سال سے باہمی تجارتی بات چیت معطل کردی گئی ہے۔ سال 2012میں پاکستان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہندوستان کو سب سے پسندیدہ ملک کا موقف دے گا تاہم اندرون ملک مخالفت کے سب اس نے خود اپنی مقرر کی ہوئی ڈیڈ لائن 31دسمبر کو اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی ۔ عبدالباسط نے یہ بھی کہا کہ دونوں وزرائے اعظم نے اپنی ملاقات کے دوران امن و ترقی کے مشترکہ نظریات پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ تاہم عالمیانی کے دور میں جنوب ایشیائی خطہ ہنوز از کار رفتہ بیانات اور تذکروں میں الجھا ہوا ہے ۔ عبدالباسط نے کہا کہ یہ انتہائی ستم ظریقی ہے کہ معیشت کو فراخدلانہ بنانے ے عمل نے دنیا کو تبدیل کردیا ہے اور دنیا بھر کے لاکھوں عوام غربت سے اوپر اٹھے ہیں لیکن جنوبی ایشیاء ہنوز از کار رفتہ اور غیر معاون بیانات میں الجھا ہوا ہے ۔ پاکستان نے ابھی1209قابل تجارت اشیاء کی منفی فہرست کالعدم نہیں کی ہے ۔ یہ ان اشیاء میں شمار ہوتی ہیں جنہیں ہندوستان سے درآمد نہیں کیاجاسکتا ۔ اس فہرست کو کالعدم کرنے کا مطلب ہندوستان کو این ڈی ایم اے موقف دینا ہوگا ۔ حکومت پاکستان نے ہندوستان کو انتہائی پسندیدہ ملک کا موقف عطا کرنے پر اندرون ملک سیاسی مضمرات سے بچنے پر نئی اصطلاح این ڈی ایم اے وضع کی ہے ۔

Pak-India relations: Pakistan's envoy anticipated better days ahead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں