عراق میں ہندوستانی نرسیں صحیح سلامت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-18

عراق میں ہندوستانی نرسیں صحیح سلامت

اسلامی مملکت عراق ولیو انت(آئی ایس آئی ایل) کے زیر قبضہ تکریت ٹاؤن میں پھنسی ہندوستانی نرسیس مکمل طور پر محفوظ اور صحیح سلامت ہیں ۔ عراق میں تعینات ہندوستانی سفیر اے اجے کمار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ انٹر نیشنل ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے کارکنوں نے اس ہاسپٹل کا دورہ کیا جہاں گذشتہ ایک ہفتہ سے16ہندوستانی نرسس پھنسی ہوئی ہیں۔ سفارتخانہ نے یہ وضاحت کی کہ تکریت میں مجموعی طور پر 46نرسس پھنسی ہوئی ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق کیرالا سے ہے۔ تکریت میں نرسس کے علاوہ موصل میں41کنسٹرکشن ورکرس بھی پھنسے ہوئے ہیں تاہم تکریت اور موصل میں تمام ہندوستانی ورکرس اور نرسس مکمل طور پر محفوظ اور صحیح سلامت ہیں ۔ مسلح جنگجوؤں نے بغداد سے140کلو میٹر کے فاصلہ پر شمال مغرب میں واقع ٹاؤن تکریت پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد نرسس نے ہندوستانی سفارتخانہ سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ شورش زدہ علاقہ میں پھنس گئی ہیں۔ عراقی سیکوریٹی فورسیز چوکیاں چھوڑ کر فرار ہوگئی تھیں جن پر آئی ایس آئی ایل نے قبضہ کرلیا ۔ نرسس اپنے احباب اور ارکان خاندان کو ایس او ایس پیامات روانہ کررہی ہیں ۔ ہندوستانی سفیر نے بتایا کہ آئی آر سی ایس والینٹیر ز نے ہندوستانی نرسس کو نہ صرف صحیح سلامت بلکہ خدمات کی انجام دہی میں بھی مصروف پایا ۔ تکریت سابق معزول صدر صدام حسین کا آبائی وطن ہے ۔ صدام حسین کو8سال قبل پھانسی دے دی گئی تھی۔ دریں اثناء عراق میں ہندوستانی مشن ، عراق کے بعض شورش زدہ شمالی علاقوں میں ایک ہفتہ سے جاری جھڑپوں میں شدت کے پیش نظر تقریباً18ہزار ہندوستانیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کررہا ہے ۔ بغداد سے ہندوستانی سفیر اجے کمار نے بذریعہ فون بتایا کہ صورتحال پر ہماری گہری نظر ہے اور تمام متبادلات تیار ہیں ۔ اب تک صورتحال قابو میں ہے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

Indian Nurses, Workers in Iraq Safe, Assures Indian Envoy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں