مسلمانوں کو تحفظات کی نہیں مساوی مواقع کی ضرورت - نجمہ ہپت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-22

مسلمانوں کو تحفظات کی نہیں مساوی مواقع کی ضرورت - نجمہ ہپت اللہ

نئی دہلی
یو این آئی
مسلمانوں کے لئے مساوی مواقع فراہم کرنے مودی حکومت کے پابند عہد ہونے کو اجاگر کرتے ہوئے مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے آج کہا کہ وہ اس برداری کو تحفظات فراہم کرنے کے بجائے مساوی مواقع فراہم کرنے میں زیادہ یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے یہاں یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں سنجیدگی سے یہ مانتی ہوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے وعدے پورے کریں گے ۔ وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ غیر متناسب ترقی ملک کے لئے اچھی نہیں۔ نجمہ ہپت اللہ نے کہا ک دستور میں مذہبی بنیادوں پر تحفظات فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے لیکن پسماندگی کی بنیاد پر اقلیتی فرقہ کی بعض ذاتوں کو پہلے سے کوٹہ دیا گیا ہے۔ نجمہ ہپت اللہ نے یہ بھی کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ ملک کی شمولیاتی ترقی سے مربوط ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی کا انتخابات میں اصل موضوع تھا ۔ ان انتخابات میں انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کرنا چاہا کہ مودی حکومت نے جس ترقی کا تصور پیش کیا ہے وہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ملک میں امن و امان ہو ۔ لہذا ملک کے عوام کے تمام طبقات بشمول اقلیتوں کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانے میں نئی حکومت کے پابند عہد ہونے میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ نجمہ ہپت اللہ نے کہا کہ مسلمانوں کی سماجی و معاشی اور تعلیمی پسماندگی پر کوئی شبہ نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت سب کو مساوی مواقع فراہم کرنے میں یقین رکھتی ہے ، ہماری توجہ کا مرکز معاشی ترقی ہے اور یہ تعلیمی موقف سے مربوط ہے ۔

Muslims need equal opportunity not reservations najma heptullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں