کانگریس کا شرمناک شکست کے تئیں احتسابی اجلاس اور مستقبل کے لئے لائحہ عمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-22

کانگریس کا شرمناک شکست کے تئیں احتسابی اجلاس اور مستقبل کے لئے لائحہ عمل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے اپنی تاریخ کی سب سے شرمناک اور بدترین شکست کا سامنا کرتے ہوئے لوک سبھا کی44سیٹوں تک سمیٹنے کے بعد آج اس شرمناک شکست کے تناظر میں اسباب شکست کا باریک بینی سے جائزہ لینے شروع کیا ہے اور سب سے پہلے قومی راجدھانی کے شکست خوردہ رہنماؤں سے سوالات کئے ۔ شکست کے اسباب کا پتہ لگانے کے لئے قائم انٹونی کمیٹی نے دہلی کی ساتویں سیٹوں پر شکست کا سامنا کرنے والے امیدواروں ، ریاستی کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں، انتخابی مہم کمیٹی کے سربراہ اور ریاست کے انچارج جنرل سکریٹری کو طلب کیا ۔ آج کا یہ احتسابی اور مشاورتی اجلاس انتہائی مصروف ترین رہا ۔ جس میں بعض ریاستوں میں پارٹی مخالف صورتحال پر بحث و مباحثہ کیا گیا تاکہ اس مخالفانہ کیفیت کو دور کرنے کے لئے چند وزراء کی تبدیلی عمل میں لائی جائے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے مصروف ترین دن میں پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ان کی قیامگاہ میں ملاقات کی اور اس سے قبل انہوں نے پارٹی کے تجربہ کار رہنما اے کے انٹونی اور سونیا گاندھی کے سیاسی معتمد احمد پٹیل سے بھی ملاقات کی ۔ ان سے پہلے ہریانہ کے وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہوڈا نے بھی پارٹی صدر سے ملاقات کی تھی ۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر اور ہریانہ کے اسمبلی انتخابات سال کے آخر میں منعقد ہونے والے ہیں۔ کانگریس، آسام میں پارٹی کو اختلافات کا سامنا ہے ۔ وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی کل یہاں پہنچنے والے ہیں ۔ اس اجلاس کے بعد ذرائع نے بتایا کہ پارٹی نے ہریانہ کے وزراء میں کسی قسم کی تبدیلی کے امکان کو مسترد کردیا ہے ۔ جب کہ مہاراشٹر اور آسام کے وزراء کی قسمت کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ چوہان کے تعلق سے ابھی کوئی واضح فیصلہ کی اطلاع نہیں ہے بلکہ ابھی ان کی قسمت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ،ہوڈا کو محفوظ قرار دیا گیا ہے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ چوہان کے تعلق سے تبدیلی کے حتمی فیصلہ کی صورت میں انٹونی اور غلام نبی آزاد کو صورتحال پر قریبی نظر رکھنے کے لئے مہاراشٹر اروانہ کیا جاسکتا ہے ۔ مہاراشٹرا میں کانگریس نے صرف2اور اس کے حلیف این سی پی نے صرف چار لوک سبھا سیٹوں پر اکتفا کیا تھا ۔ سینئر کانگریس قائدین میں سے ششیل کمار شنڈے اور ریاستی وزراء میں بالا صاحب تھروٹ اور راھا کرشنا ویکھے پٹیل، چوہان کا مقام لینے کی دوڑ میں سمجھے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ چوہان کو تبدیل کیاجاسکتا ہے ۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی نے گوہاٹی میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’’میں اس کا جواب نہ تو نفی میں دے سکتا ہوں اور نہ اثبات میں ۔ اس فیصلہ کا انحصار پارٹی ہائی کمان کے ذمہ ہے اور میں کل دہلی جارہا ہوں۔‘‘ آئی اے این ایس کی اطلاع کے مطابق پارٹی کے سینئر قائدین کے ہائی کمان کے ساتھ سلسلہ وار اجلاسوں کے بعد، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کی قسمت کا فیصلہ28جون تک کے لئے ملتوی کیے جانے کا امکان ہے جس دن ریاستی وزراء کا دہلی راجدھانی میں کانگریس ہائی کمان کے ساتھ اجلاس طے ہے ۔

Congress(I)'s follow-on innings, Antony committee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں