مودی حکومت ٹھوس ترقیاتی منصوبے پیش کرنے میں ناکام - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-10

مودی حکومت ٹھوس ترقیاتی منصوبے پیش کرنے میں ناکام - کانگریس

اپوزیشن نے آج نریندر مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی جانب سے پارلیمنٹ میں پڑھ کر سنائے گئے ایجنڈہ میں کوئی ٹھوس ترقیاتی منصوبہ پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور کہا کہ وہ محض عوام کی امیدوں میں اضافہ کررہی ہے اور اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لئے اس کے پاس کوئی روڈ میاپ نہیں ہے ۔ سینئر کانگریس قائد اور سابق مرکزی وزیر ایم ویرپا موئیلی نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت کی توجہ حکمرانی ، روزگار کی پیداوار اور مہنگائی پر قابو پانے کے مسئلہ پر مرکوز نہیں ہے ۔ موئیلی نے حکومت کے اس دعویٰ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہ وہ اندرون60ماہ ملک کو قابل فخر بنادے گی ، کہا کہ حکومت محض عوام کی امنگوں میں اضافہ کررہی ہے لیکن یہ نہیں بتا رہی ہے کہ وہ کس طرح ان کی تکمیل کرے گی ۔ موئیلی نے کہا کہ ان کی توجہ حکمرانی، روزگار کی پیداوار اور مہنگائی پر قابو پانے کے مسئلہ پر مرکوز نہیں ہے ۔ عوام توقعات کے ساتھ حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں لیکن انہیں کوئی ٹھوس منصوبے نظر نہیں آرہے ہیں۔ حکومت کے پاس کوئی ٹھوس روڈ میاپ نہیں ہے کہ وہ کس طرح ان نشانوں کو حاصل کرے گی ۔ ایک اور سینئر قائد کمل ناتھ نے کہا کہ صدر جمہوریہ کی تقریر میں صرف خواب دکھائے گئے اور امیدیں جگائی گئیں ہیں جو ہم گزشہ تین ماہ سے سنتے آرہے ہیں۔ آئندہ چند ماہ میں پتہ چلے گا کہ حکومت کتنی اپنے راستہ پر ہے اور کس طرح ان خوابوں اور امیدوں کو حقیقت میں تبدیل کرے گی ۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤز کے باہر نامہ نگاروں کو یہ بات بتائی ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ حکومت نے آج ترقی میں اضافہ اور روزگار کی پیداوار کے لئے مختلف اقدامات کا اعلان کیا جن میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور شفاف و منصفانہ ماحول بھی شامل ہے ۔ اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق سیف الدین سوز نے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ کے خطاب پر حکومت کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ اس میں جموں و کشمیر کے لئے کوئی پیشکش نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیری پنڈتوں کی ان کی آبائی سرزمین کوواپسی کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے لیکن اس بارے میں کوئی ٹھوس تجاویز پیش نہیں کی ہیں کہ یہ کام کس طرح کیاجائے گا ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر جمہوریہ کی تقریر میں اس بات کا تذکرہ بھی نہیں کیا گیا کہ حکومت کس طرح ریاست میں ترقی کو فروغ دے گی۔ ایسی ترقی کے ماڈل کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ وہ کس شرح پر ایسی ترقی شروع کرنا چاہتے ہیں؟کیندر پاڑہ کے بیجو جنتادل رکن پارلیمنٹ جینت پانڈا نے کہا کہ تقریر میں کئی اعلانات کئے گئے ہیں ، اب حکومت کو انہیں سچ کر دکھانا ہوگا ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ نریندر مودی نے اپنی انتخابی تقاریر میں جو باتیں کہی تھیں اور حکومت کے ایجنڈہ میں مطابقت دیکھی گئی ۔ بی جے پی لیڈر آدتیہ ناتھ نے جو گورکھپور لوک سبھا نشست کی نمائندگی کرتے ہیںِ کہا کہ حکومت نے کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری ، دریائے گنگا کی صفائی ، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور مواضعات میں برقی و آبرسانی سہولتیں فراہم کرنے کی بات کہی ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوپی اے حکومت کے برعکس جس کے قول و فعل میں تضاد تھا ، این ڈی اے حکومت اپنے وعدے پورے کرے گی ۔ پنجاب کے سنگر ور علاقہ کے عام آدمی پارٹی رکن پارلیمنٹ بھگونت مان نے کہا کہ حکومت کو عوام کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ تاہم کہا کہ ان کی پارٹی ایوان میں کی گئی تقریر پر اپنے نقاط نظر کا اظہار اسے دئیے گئے وقت میں کرے گی۔

Modi Govt Has No Concrete Roadmap, Just Dreams: Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں