نوری المالکی نے العربیہ نیوز بند کرنے کی دھمکی دیدی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-15

نوری المالکی نے العربیہ نیوز بند کرنے کی دھمکی دیدی

دبئی
العربیہ نیوز چینل
عراقی حکومت نے ہفتے کے روز’العربیہ نیوز چینل‘ کا بغداد دفتر بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ العربیہ اور اس کے برادر چینل ’الحدث‘ کے نامہ نگاروں کی رپورٹنگ پر پابندی عائد کرسکتے ہیں۔ عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے یہ دھمکی متعدد سیاستدانوں کی طرف سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ زور پکڑتے کے بعد دی ہے ۔ سیاستدان المالکی سے عہدہ چھوڑ کر عبوری حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ عراق کے ادالیم قبیلے کے رہنما شیخ علی حاتم نے پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی بلاکس پر زور دیا ہے کہ وہ نوری المالکی کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کرتے ہوئے ایک ایسی عبوری حکومت کی تشکیل کو یقینی بنائیں کہ جو ملک کا تحفظ کرسکیں۔ انٹر نیٹ پر جاری کی گئی اپنی تقریر میں شیخ حاتم کا کہنا تھا کہ ہمارا سیاستدانوں سے مطالبہ ہے کہ وہ انقلاب کو نقصان پہنچانے والے ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کریں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ نوری المالکی اور ان کے حواری اس انقلاب کو دہشت گردی کا لباس پہنانا چاہتے ہیں ۔ عراقی نیشنل الائنس کے ترجمان اور معروف سیاسی تجزیہ نگار احمد العباعد نے کہا کہ امریکہ اور المالکی حکومت، عراق کی حالیہ افراتفری کے ذمہ دار ہیں ۔ سابق نائب صدر طارق الہاشمی نے بھی نوری المالکی سے مستعفیٰ ہونے پر زور دیتے ہوئے فوری طور پر عبوری حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ العربیہ نیوز پر پابندی لگانے کی دھمکی حکومت کے ایک دن پہلے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش کے بعد سامنے آئی ہے ۔ اس میں فیس بک ، یو ٹیوب اور ٹویٹر سمیت دیگر پلیٹ فارمز بھی شامل ہیں۔

Maliki threatens to ban Al Arabiya News in Iraq

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں