ہندو راشٹر سینا پر پابندی حکومت کے زیر غور - ریاستی وزیر داخلہ پاٹل کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-15

ہندو راشٹر سینا پر پابندی حکومت کے زیر غور - ریاستی وزیر داخلہ پاٹل کا بیان

ممبئی
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے آج کہا کہ حکومت متنازعہ ہندو تنظیم راشٹرسینا پر پابندی عائد کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس تنظیم پر پونے میں ایک آئی ٹی پروفیشنل مسلم نوجوان محسن شیخ کے قتل کا الزام ہے ۔ رکن کونسل کپل پاٹل کی جانب سے توجہ دہانی نوٹس کے تحت پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے پاٹل نے یہ بات بتائی ۔ رکن کونسل جاننا چاہتے تھے کہ آئی ٹی پروفیشنل کے ہڑپسر میں ہوئے قتل کے واقعہ میں کن طاقتوں کا ہاتھ ہے ۔ پاٹل نے کہا کہ پولیس ، تنظیم اور اس کے سربراہ دھنئجے دیسائی کے خلاف سنجیدگی سے کام کررہی ہے ۔ ابھی تک23افراد کو اس سلسلہ میں گرفتار کیاجاچکا ہے ۔دیسائی کے خلاف کئی سنگین جرائم درج کئے جاچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ پونے میں گزشتہ سال ہوئے نریندر دابولکر کے قتل میں بھی اس تنظیم کے ملوث ہونے کے بارے میں بھی پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ رکن کونسل نے کہا تھا کہ اس قتل کی وجہ سے اقلیتی برداری میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ کونسل کے صدر نشین شیواجی راؤ دیشمکھ نے کہا کہ اگر دمن دھاڑے ایسے قتل کے واقعات پیش آتے ہیں تو ان کی مذمت ہونی چاہئے ۔28سالہ نوجوان کو پرتشدد ہجوم نے دو جون کو پونے کے نواحی علاقہ ہڑپسر میں اس وقت ہلاک کردیا جب یہ ہجوم فیس بک پر شیواجی اور بال ٹھاکرے کی تصاویر کو غلط انداز میں پیش کرنے کے خلاف احتجاج کررہاتھا۔

Pune techie murder: Maha govt considering ban on Hindu Rashtra Sena

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں