نواز شریف مسائل کے خوشگوار حل کے منتظر - نریندر مودی کو مکتوب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-12

نواز شریف مسائل کے خوشگوار حل کے منتظر - نریندر مودی کو مکتوب

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے نام موسومہ ایک خط میں ان کے ساتھ حالیہ ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ خوشگوار طور پر مسائل حل کرنے کے لئے ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں ۔ نواز شریف 26مئی کو مودی کے حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے والے پڑوسی ممالک کے قائدین میں شامل تھے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر کو موصولہ خط میں کہا کہ غریبوں کا مستقبل ہماری مشترکہ اقتصادی ترقی سے مربوط ہے ۔ شریف نے خط میں تحریر کیا کہ میں کہوں گا کہ باہمی اور علاقائی مسائل پر ہمارے درمیان خیالات کے بامعنی تبادلہ کے بعد اطمینان کے ساتھ ملک واپس ہوا ۔ واضح رہے کہ مودی نے اپنی حلف برداری تقریب کے ایک روز بعد اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران دہشت گردی اور ممبئی دہشت گرد حملوں کے کیس کی پاکستان میں عاجلانہ سماعت سمیت اہم باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے فائدہ کے لئے میں خوشگوار طور پر باہمی مسائل کی یکسوئی کا منتظر ہوں ، مجھے امید ہے کہ آپ کے اقدامات سے مزیدروشن مستقبل کی بنیاد قائم ہوگی۔ پاکستانی لیڈر کے خط کو ہند۔ پاک تعلقات میں ایک مثبت تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ خط قبضہ پر گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی فوجیوں کے ہاتھوں ہندوستانی سپاہیوں کی ہلاکت سمیت دیگر واقعات کے سبب ہند۔ پاک تعلقات میں سرد مہری پیدا ہوئی تھی ۔ شریف نے خط میں مزید کہا ہے کہ دونوں ممالک میں زندگی گزارنے والے کروڑوں افراد ہماری اولین توجہ کے مستحق ہیں۔ میرا پکا یقین ہے کہ ہمارے ٹھوس اقدامات میں ہمارے دونوں ممالک کی بھلائی و خوشحالی مضمر ہے ۔

Looking forward to working with Modi: Sharif

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں