لوک سبھا ارکان کی حلف برداری ایک دن کے لئے موخر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

لوک سبھا ارکان کی حلف برداری ایک دن کے لئے موخر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
16ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد جن کا ایک سڑک حادثہ میں انتقال ہوگیا ۔ ایک دن کے لئے ملتوی کردیا جائے گا۔ سینئر کانگریس رکن پارلیمنٹ کمل ناتھ عبوری اسپیکر ہوں گے جو6جون کو اسپیکر کے انتخاب تک ایوان کی کاروائی کی صدارت کریں گے۔ کمل ناتھ کو لوک سبھا اجلاس سے قبل راشٹر پتی بھون میں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی حلف دلائیں گے ۔ ایوان کے آغاز کے ساتھ ہی لوک سبھا سکریٹری جنرل پی سریدھرن سولہویں لوک سبھا کی تشکیل کا اعلامیہ پڑھ کر سنائیں گے اور گوپی ناتھ منڈے کے لئے تعزیتی کلمات کے بعد جو عبوری اسپیکر کمل ناتھ پیش کریں گے ایوان ملتوی کردیا جائے گا۔نئے ارکان کو حلف دلانے میں عبوری اسیپکر کمل ناتھ کے تعاون کے لئے تین پریسائیڈنگ افسروں کا پیانل بھی بنایا گیا ہے ۔ اس پیانل میں سابق لوک سبھا اسپیکر پی اے سنگما،ارجن چرن سیٹھی اور بیرن سنگھ انگتی شامل ہیں ۔ پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں لوک سبھا کے نئے اسپیکر یہ طے کریں گے کہ کانگریس ارکان کی جماعت کے لیڈر ملکا ارجن سنگھ کو اپوزیشن کے لیڈر کا درجہ دیاجائے یا نہیں ۔ کونگریس کو لوک سبھا میں صرف44نشستیں ہی ملی ہیں جب کہ قانون کے مطابق اپوزیشن کے لیڈر کا عہدہ اسی جماعت کو دیا جاسکتا ہے جس کے پاس54سے زیادہ نشستیں ہوں ۔ پارلیمانی امور کے وزیر وینکیا نائیڈو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اپوزیشن لیڈر کے بارے میں حکومت سبھی آئینی اور قانونی پہلوؤں اور روایتوں کا جائزہ لے رہی ہے ۔ قبل ازیں شیڈول کے مطابق نو منتخب ارکان کی چار جون کو حلف برداری مقرر کی تھی جو اب پانچ جون کو عمل میں آئے گی اور 6جون کی دوپہر تک بھی حلف برداریوں کا سلسلہ جاری رہے گااور اسی دن 6جون کو ایوان کی جانب سے نئے اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا ۔ سمجھا جارہا ہے کہ بی جے پی کی سینئر لیڈر سمترا مہاجن اسپیکر کی دوڑ میں پیش پیش ہیں۔9جون کو صدر جمہوریہ پرنب مکرجی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے اور نئی حکومت کا روڈمیاپ پیش کریں گے ۔ صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک تشکر پر دو دن مباحث ہوں گے۔

Lok Sabha Swearing-in to extend by a day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں