مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کا دہلی میں سڑک حادثے میں انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کا دہلی میں سڑک حادثے میں انتقال

نئی دہلی
آئی اے این ایس
مرکز میں وزیر اعظم نریندرمودی کی ایک ہفتہ قدیم حکومت پر آج اس وقت کاری ضرب پڑی جب ایک سینئر کابینی وزیر گوپی ناتھ منڈے ، آج صبح کی اولین ساعتوں میں وسطی دہلی میں ایک سڑک حادثہ میں انتقال کرگئے ۔ وہ3قلمدانوں بشمول دیہی ترقی کے قلمدان کے نگراں تھے ۔64سالہ منڈے جو سینئر بی جے پی لیڈر ہیں ، کبھی مہاراشٹر کے ڈپٹی چیف منسٹر تھے ۔ وہ ممبئی پرواز کے لئے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ کو اپنی ماروتی سوزوکیSX4کار میں جارہے تھے تب علی الصبح لگ بھگ چھ بج کر بیس منٹ پر پرتھوی راج روڈ5راستہ کراسنگ پر ایک ٹاٹا انڈیکا کار نے ٹکر دے دی ۔ منڈے کے پرسنل سکوریٹی آفیسر (پی ایس او) سامنے کی نشست پر ڈرائیور کے بازوبیٹھے ہوئے تھے اور منڈے ان کے پیچھے بیٹھے تھے ۔ ٹاٹا انڈیکا کار نے اس طرف سے زور دار ٹکر دی جس طرف منڈے بیٹھے ہوئے تھے۔ ٹکرکی شدت سے منڈے کار سے گر گئے اور ان کے پی ایس او نے انہیں بٹھانے میں مدد دی۔ منڈے نے پانی طلب کیا اور اپنے ڈرائیور سے کہا وہ انہیں فوری ہسپتال لے جائے ۔ اس کے بعدمنڈے بے ہوش ہوگئے ۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس(ایمس) کے افسر تعلقات عامہ امیت گپتا نے بتایا کہ منڈے کو ان کے شخصی اسسٹنٹ اور ڈرائیور صبح 6:30بجے ایمس کے جے پرکاش نارائن اپیکس ٹراما سنٹر کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں لے آئے ۔ ٹراما سنٹر پر ان کی آمد کے بعدوہ (منڈے)از خود سانس لینے کے موقف میں نہیں تھے۔بلڈ پریشربی نہیں تھا اور نہ نبض کی رفتار محسوس کی گئی ۔ قلب کی حرکت بھی نہیں تھی اس لئے فوری طور پر مصنوعی تنفس کا عمل شروع کیا گیا اور پندرہ منٹ تک جاری رکھا گیا ۔ اس کے باوجودمنڈے کی زندگی نہیں بچائی جاسکی اور صبح سات بج کر بیس منٹ پر ان کے انتقال کااعلان کردیا گیا۔ گپتا نے اخبا رنویسوں کو یہ بات بتائی ۔ انڈیکا کار کے ڈرائیور گرویندر سنگھ(32)سالہ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس یہ جانچ کررہی ہے کہ آیا اس ڈرائیور نے گزشتہ رات شراب نوشی کی تھی ۔ منڈے کی موت سے ایک ہی دن قبل مہاراشٹر کے چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے ایک دعویدار کی حیثیت سے ان کا نا م پیش کیا گیا تھا۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سال حال ہونے والے ہیں ۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ آج جس مقام پر حادثہ ہوا ، وہ وزیر اعظم کی قیام گاہ7۔ ریس کورس روڈ سے صرف ایک کلو میٹرکے فاصلہ پر واقع ہے ۔’’ظاہری طور پر منڈے کو کوئی شدید زخم نہیں آئے تھے۔ ایسا معلو ہوتا ہے کہ حادثہ کے اثر سے ان کے قلب پر حملہ ہوا۔‘‘ امیت گپتا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حادثہ اور اندرونی زخموں کے سبب صدمہ سے منڈے کا انتقال ہوا ۔ وہ (منڈے) ذیابیطس کے مریض تھے ۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے منڈے کو ’’ایک حقیقی عوامی لیڈر قرار دیا اور کہا کہ ان کی موت سے انہیں(مودی کو) انتہائی صدمہ ہوا‘‘۔ مذکورہ المیہ کی اطلاع جن شخصیتوں کو سب سے پہلے دی گئی ان میں مودی شامل ہیں ۔ اسی دوران آج مرکزی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔و زیر اعظم نریندر مودی نے صدارتکی ۔ اجلاس میں منڈے کے انتقال پر ایک تعزیتی قرار داد منظور کی گئی ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، نائب صدر ڈاکٹر حامد انصاری اور صدر کانگریس سونیا گاندھی نے منڈے کے اچانک انتقال پر دلی صدمہ کا اظہار کیا ہے ۔ منڈے کی نعش کے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو بی جے پی ہیڈ کوارٹر اشوکا روڈ لایا گیا ۔ نعش کے ساتھ سینئر بی جے پی لیڈر نتن گڈ کری اورمنڈے کے قریبی ارکان خاندان بھی تھے جو انتقال کی اطلاع سن کر فوری دہلی پہنچے تھے ۔ منڈے کے سوگ و احترام میں قومی پرچم دہلی و نیز تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں آج نصف بلندی پر لہرایا گیا ۔ منڈے کے پسماندگان میں اہلیہ اور تین دختران شامل ہیں ۔ منڈے کی اہلیہ پرمود مہاجن کی ہمشیرہ ہیں۔

Union Minister Gopinath Munde dies in car accident

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں