عراق میں تمام 41 مغویہ ہندوستانی پوری طرح محفوظ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-20

عراق میں تمام 41 مغویہ ہندوستانی پوری طرح محفوظ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے کہا کہ موصول ٹاؤن میں تمام 41مغویہ ہندوستانی مکمل طور پر محفوظ ہیں اور جہاں انہیں مقید رکھا گیا ہے اس مقام کی عراقی عہدیداروں نے نشاندھی کردی ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے ان افراد کے خاندان والوں کو جنہوں نے چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل کے ہمراہ ان سے ملاقات کی تھی سے کہا کہ مغویہ ہندوستانی دو مختلف مقامات جس میں ایک کاٹن مل اور دوسری سرکاری عمارت میں رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کاوشوں میں لگے ہوئے ہیں کہ تمام ہندوستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جاسکے ۔ اس ضمن میں ہم ہر ممکنہ شخص سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں۔ ہم تیقن دیتے ہیں کہ حالات معمول پر آتے ہی انہیں واپس وطن لایا جائے گا ۔ انہوں نے مغویہ افراد کے خاندان والوں سے کہا کہ وہ صبرو تحمل سے کام لیں اور دعا کریں کہ حکومت کی کاوشیں کامیاب ثابت ہوں ۔ سشما سوراج نے کہا کہ جو عرا ق میں پھنسے ہوئے ہیں وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ چیف منسٹر پ نجاب نے 13مغویہ افراد کے 24افراد خاندان کے ساتھ وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے دو اجلاس کی صدارت کی جس میں ان مشکل حالات پر قابو پانے پر کئی تجاویز پر غور کیا گیا ۔ حکومت نے کہا کہ عراقی عہدیداروں نے مغویہ ہندوستانی افراد کے صحیح مقام کا پتہ چلا لیا ہے تاہم تا اطلاع کسی تاوان کا مطالبہ نہیں کیا گیا ۔، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ آئی ایس آئی ایس سنی عسکریت پسند جنہوں نے موصل، تکریت اور عراق کے دیگر علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے کا اس اغوا کے پیچھے ہاتھ ہے ۔ وزیر خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا کہ ہمیں عراقی وزیر خارجہ نے اطلاع دی ہے کہ مغویہ ہندوستانیوں و دیگر ملکوں کے افراد کے مقام کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ حکومت نے کہا کہ تمام120ہندوستانی جو شورش زدہ علاقوں میں ہیں بشمول مغویہ افراد کا تعلق پنجاب، کیرالہ اور ملک کے دیگر علاقوں سے ہے۔ امرتسر سے موصولہ اطلاع کے بموجب عراق میں اسلامی عسکریت پسندوں کے تشدد کے سبب اس ملک میں پھنسے ہوئے پنجابی نوجوانوں کے ارکان خاندان نے آج مرکز سے اپیل کی کہ وہ ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت اور فوری رہائی کو یقینی بنائیں ۔ اس ملک میں پھنسے ہوئے ورکرس جن میں سے بیشتر کا تعلق پنجاب اور شمالی ہند کے دیگر علاقوں سے ہے، شمالی عراق کے شہر موصل میں ایک کنسٹرکشن پراجکٹ پر کام کررہے تھے ، سنی عسکریت پسند گروپ آئی ایس آئی ایس نے موصول پر قبضہ کرلیا ہے جہاں40 پنجابی نوجوان ہیں جو گزشتہ10ماہ سے ایک کمپنی تاریخ نورالہدیٰ کے لئے کام کررہے تھے۔ ایسے6نوجوانوں کے دہشت زدہ ارکان خاندان نے جن کا تعلق امرتسر کے قریب مواضعات سے ہے ،مرکز سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوانوں کی جلد رہائی کو یقینی بنائیں ۔ موضع مجیتھا کی ساکن گرپیندر کور نے بتای اکہ ایک ٹراویل ایجنٹ نے اس کے بھائی منجیندر سنگھ کو لالچ دیا اور اسے پہلے دبئی بھیجا جہاں سے اسے عراق بھیج دیا گیا جہاں اب وہ پھنس گیا ہے۔ منجیندر پنجاب کے ان نوجوانوں میں شامل ہے جو عراقی کمپنیوں میں کام کررہے تھے جنہیں عسکریت پسندوں کے قبضہ کے بعد بند کردیا گیا ہے۔ کور نے بتایا کہ اس کے بھائی نے دو دن پہلے اسے فون کیا تھا اور کہا تھا کہ آئی ایس آئی ایس کے عسکریت پسند ان کا خیال رکھ رہے ہیں ،۔ اور عراق چھوڑنے میں ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ کور نے کہا کہ وہ بغداد میں ہندوستانی سفارتخانہ کے ساتھ ربط میں ہیں۔ اس نے وزیر خارجہ سشما سوراج کو بھی درخواست روانہ کی ہے اور اس معاملہ میں حکومت کی مدد چاہی ہے ۔ وزارت خارجہ نے ابھی عراق میں پھنسے ہندوستانی نوجوانوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہیں ۔ مرکزی حکومت نے ان سے کہا ہے کہ اس نے بات چیت کے لئے اپنے عہدیدار عراق روانہ کئے ہیں ۔ عراق میں پھنسے ایک اور نوجوان کی ماں مہیندر کور نے کہا کہ سشما سوراج نے انہیں تیقن دیا تھا کہ حکومت ہندوستانی شہریوں کے اغوا کے مسئلہ کی یکسوئی کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی ۔

Iraq live: Kidnapped Indians are safe, says Sushma Swaraj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں