اردن کے سفیر زید الحسن اقوام متحدہ حقوق انسانی ادارہ کے کمشنر مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-08

اردن کے سفیر زید الحسن اقوام متحدہ حقوق انسانی ادارہ کے کمشنر مقرر

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون نے اردن کے سفیر کو عالمی ادارہ کے ہائی کمشنر برائے حقوق انسانی کے عہدہ کے لئے نامزد کیا ہے ۔ اس طرح اردن کے سفیر ہندوستانی نژاد نوی پلئی کی جگہ لیں گے ۔ بان کیمون نے رکن ریاستوں کے علاقائی گروپس کے سربراہوں کے ساتھ مشاورت کے بعد جنرل اسمبلی کو بتایا کہ پرنس زیدرعدزید الحسن کو حقوق انسانی ادارہ کے سربراہ کے طور پر مقرر کرنے کا ارادہ ہے ۔ کل کے اس فیصلہ کو مشرقی وسطیٰ کے متعدد ممالک میں انسانی حقوق کی مخدوش صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیاجارہا ہے ۔ ناقدین کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے کمشنر کے طور پر زید عدر زید الحسن کی تعیناتی سے ایک ایسے خطہ کو آواز ملے گی جہاں انسانی حقوق کی صورتحال ٹھیک نہیں ۔ واضح رہے کہ منجھے ہوئے سفارتکار پرنس زید اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے امیدوار بھی تھے لیکن اس وقت بان کیمون کو دوسری مرتبہ اس عالمی ادارہ کا سربراہ منتخب کرلیا گیا تھا ۔ دی ہیگ میں عالمی فوجداری عدالت کے قیام میں زید رعد زید الحسن کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا تھا ۔ کئی سفارتکاروں نے بان کیمون کی طرف سے پرنس زید کو اس عہدہ کے لئے نامزد کرنے کی ستائش کی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ پرنس زید نے ابھی حال ہی میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ کو عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لئے تیزی دکھانی ہوگی ۔ ان کے بقول یہ عالمی ادارہ متعدد مواقع پر فوجی رد عمل ظاہر کرنے میں ناکام رہا اور متعددمقامات پر فوری مداخلت نہ کی گئی ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سلامتی کونسل کو اپنے کام کے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ ہیومن رائٹس واچ کی گلوبل ایڈواکیسی ڈائرکٹر پیگی ہیکز نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے کمشنر کے طور پر پرنس زید کی نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ زید کا تعلق مشرق وسطیٰ سے ہے اس لئے ان کو اس عہدہ پر کام کرتے ہوئے سہولت بھی ہوگی اور دباؤ کا سامنا بھی مشرقی وسطیٰ میں سیول سوسائٹی کے لئے کھل کر آواز بلند کرنا پرنس زید کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا ۔ مسلمان ہونے کی وجہ سے پرنس زید دیگر بحرانوں کے حل کے لئے عالمی سطح پر کوششوں میں تیزی لاسکتے ہیں ۔ اس تعلق سے انہوں نے خاص طور پر مائنمار کا تذکرہ کیا، جہاں روہنگیا مسلمان مقامی بودھ قبائل کے عتاب کا شکار ہیں۔

UN to tap Jordan's ambassador Prince Zeid Ra'ad Zeid al-Hussein as new rights chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں