اسرائیلی فوج کی تلاشی مہم جاری - ظالمانہ کاروائیوں سے کئی شہروں میں سراسیمگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-21

اسرائیلی فوج کی تلاشی مہم جاری - ظالمانہ کاروائیوں سے کئی شہروں میں سراسیمگی

مغربی کنارا
رائٹر
فلسطین کے مقبوضہ کنارے میں اسرائیلی فوج نے3لاپتہ کم عمر آباد کاروں کی تلاشی کے لئے اپنی ظالمانہ کارروائی جاری رکھی ہے ۔ جمعہ کو علی الصباح صہیونی فوج کی کارروائیوں میں ایک فلسطینی شہید جب کہ درجنوں زخمی اور گرفتار کئے گئے ہیں۔ الخلیل کے مضافاتی علاقے ، دورا کے مقام پر اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا ۔عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج نے تین لاپتہ یہودیوں کی تلاش میں اڑ میں دورا کے مقام پر شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھروں میں گھس کر نہتے شہریوں کو زدوکوب کیا گیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین مطابق جنوبی الخلیل میں دورا کے مقام پر’’الحنینہ‘‘چوک میں صہیونی فوج نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی ۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک چودہ سالہ محمد جہاد دودین نامی لڑکا شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں اسپتال لے جاتے ہوے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق الخلیل شہر کے کئی دوسرے علاقوں میں بھی اسرائیلی فوج نے ظالمانہ طریقے سے سرچ آپریشن کیا ۔ قابض فوج نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کئی گھروں میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کی ۔ دورا میں ایک اسکول کی تلاشی کے دویران اسکول کے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ بھی قبضے میں لے لئے گئے ۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے رات بھر الخلیل شہر میں لوگوں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔ جمعہ کو علی الصباح صہیونی فوجیوں نے 40سے زیادہ دکانوں کی بھی تلاشی لی ۔ تلاشی کی کارروائی میں کرم عمرو، منذر ابو زنید، اکرم الرجوب اور حسین شردانہ نامی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔ الخلیل کے علاوہ مغربی کنارے میں جنی اور سلفیت شہروں میں صہیونی فوج نے ظالمانہ جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کے گھروں میں گھس کر تلاشی لی اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا ۔ درایں اثناء اسرائیلی فوج نے تلاشی کی سرگرمیوں کا دائرہ بیت المقدس تک بڑھادیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق شمالی بیت المقدس میں قلندیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے چھاپ مارا تو مقامی باشندے صہیونی فوجیوں سے متصادم ہوگئے جس پر قابض فوج نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔، بیت المقدس کے طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کو اسپتالوں میں لایا گیا ہے ۔ زخمیوں میں بیشتر نوجوان اور کم عمر لڑکے شامل ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قلندیہ میں فلسطینی شہریوں اور صہیونی فوج کے درمیان تصادم اس وقت ہوا جب قابض فوجیوں نے لوگوں کے گھرو ں میں گھس کر توڑ پھوڑ شروع کی ۔ اس پر شہری مشتعل ہوگئے اور انہوں نے دشمن فوجیوں پر سنگ باری کی۔ جواب میں صہیونی فوج نے ان پر لاٹھی چارج کیا، انسو گیس کے علاوہ براہ راست فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں