مصر - نئے وزیر اعظم کی حلف برداری - تیز تر معاشی ترقی کو ترجیح دینے کا عزم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-18

مصر - نئے وزیر اعظم کی حلف برداری - تیز تر معاشی ترقی کو ترجیح دینے کا عزم

مصر میں صدر جنرل عبدالفتاح السیسی نے ابراہیم محلب کو وزیر اعظم بنایا ہے۔ محلب کو آج یہاں وزیر اعظم کے عہدہ و راز داری کا حلف دلایا گیا ۔ اشرف سلمان کو سرمایہ کاری اور ناغلا الاحوانی کو بین الاقوامی تعاون سے متعلق محکمہ کا وزیر بنایا گیا ہے ۔ محلب اور ان کی کابینہ نے صدر عبدالفتاح السیسی کے سامنے عہدہ اور راز داری کا حلف لیا ۔، یہ تقریب علی الصبح قاہرہ کے صدارتی محل میں منعقد ہوئی جسے سرکاری ٹی وی نے براہ راست نشر کیا ۔ نئے وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حالیہ عرصہ میں سیاسی بے چینی کے باعث انحطاط پذیر معیشت کو مستحکم کریں گے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ان کی ترجیح ہوگی ۔ محلب نے کہا کہ ہم صبح کی اولین ساعتوں سے اپنا کام شروع کردیں گے ۔ انہوں نے تقریب حلف برداری کو صبح کی اولین ساعتوں میں منعقد کرتے ہوئے مصری عوام کو سخت محنت کا پیام بھیجا ہے ۔ چار خواتین اور کئی ٹیکنوکریٹس پر مشتمل اس کابینہ کی سربراہی وزیر اعظم ابراہیم محلب کررہے ہیں جو کہ پچھلے5ماہ سے بطور نگراں وزیر اعظم اپنی خدمات انجام دے رہے تھے ۔ ابراہیم محلب ، عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی معزولی کے بعد سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے والے دوسرے شخص ہیں ۔ صدر السیسی نے بطور خاص محلب کو اس منصب پر کام جاری رکھنے کو کہا ہے ۔ عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ ماہ صدارتی انتخاب میں اپنے مد مقابل کو بھاری ووٹوں سے شکست دینے کے بعد جون کے اوائل میں صدر کے عہدے کا حلف اٹھالیاتھا۔ السیسی اس سے پہلے مصر کی طاقتور فوج کے سربراہ اور وزیر دفاع کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصری صدر کا کہنا تھا کہ ملک کی سیکوریٹی اور معاشی حالت کو سنوارنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ حسنی مبارک کے اقتدار سے بے دخلی کے بعد سے پیدا ہونے والے افرا تفری کو ختم کریں گے اور ملک کے مستحکم مستقبل کے لئے کام کریں گے ۔

Egypt swears in new government to tackle economic woes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں