ہند - عمان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سے اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

ہند - عمان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سے اتفاق

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج یہاں اپنے عمانی ہم منصب یوسف بن علوی بن عبداللہ کے ساتھ مذاکرات کئے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ہندوستان سے پراجکٹ برآمدات میں اضافہ کی راہوں پر غور و خوض کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطحوں پر مشغولیت جاری رکھنے کے لئے ایک خواہش کا اشارہ دیا ۔ عمانی وزیر خارجہ ، نریندر مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد ہندوستان کا دورہ کرنے والے پہلی بیرونی شخصیت بن گئے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے سیاسی،معاشی ،دفاع،سکوریٹی اور عوام سے عوام کے رابطوں کے بشمول باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور انہیں مزید مستحکم بنانے سے اتفاق کیا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی ۔ دور ہ کنندہ عمانی وزیر خارجہ نے ہندوستان کی وزیر خارجہ کے طور پر عہدہ سنبھالنے پر سشما سوراج کو مبارک باد دی اور انہیں بعجلت ممکنہ عمان کی دورہ کی دعوت دی جس سے انہوں نے اتفاق کیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ ہندوستانی وزیر خارجہ کے دورہ عمان کی تاریخوں کا سفارتی چینلز کے ذریعہ فیصلہ ہوگا۔ ہندوستان سے عمان کو پراجکٹ برآمدات میں اضافہ کے پہلو پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ عمان میں ہندوستانی کمپنیوں نے1.25بلین ڈالر مالیاتی کنٹراکٹس حاصل کئے ہیں ۔ دونوں وزراء کا یہ احساس تھا کہ یہ رجحان جاری رکھاجانا چاہئے ۔ دونوں وزراء نے اس سال کے دوران بعد ازاں ہند ، عمان جوائنٹ کمیشن کے قیام سے اتفاق کیا تاکہ بڑھتے ہوئے معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید جہت فراہم کی جاسکے۔ عمان خلیجی علاقہ میں ہندوستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت2013-14ء میں5.70بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ عمان میں جملہ50ہند۔ عمان جوائنٹ پراجکٹس ہیں۔ ہندوستان اور عمان ادارہ جاتی بحری مشق ، نسیم البحر اور فضائیہ کی مشق کے ساتھ دیگر دفاعی تعاون میں بھی مشغول ہیں ۔، عمان اور ہندوستان خلیج عدن میں مخالف قزاقی کارروائیوں میں بھی تعاون کررہے ہیں ۔ عمان کی مکمل آبادی4ملین ہے جب کہ تارکین وطن کی تعداد1.77ملین ہے۔ جن میں ہندوستانی تارکین وطن کی تعداد سات لاکھ اور ہندوستانی نژاد افراد عمان میں تارکین وطن سب سے بڑے طبقہ کا حامل ہے ۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران عمان میں کثیر ہندوستانی طبقہ کی فلاح و بہبود پر بھی بات چیت کی گئی ۔

India, Oman discuss ways to strengthen bilateral ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں