ہندوستانی سڑکوں پر ہر تین منٹ میں ایک شخص کی موت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

ہندوستانی سڑکوں پر ہر تین منٹ میں ایک شخص کی موت

نئی دہلی؍ چنڈی گڑھ
آئی اے این ایس
قومی دارالحکومت میں آج ایک کار حادثہ میں سینئر کابینی وزیر گوپی ناتھ منڈے کی موت نے ایک بار پھر ہندوستانی سڑکوں پر پیش آنے والے ہلاکت خیز حادثات کی خطرناک حد تک بڑھتی تعداد پر توجہ مبذول کرادی ہے جب کہ عوام کی حفاظت و سلامتی کی کسی کو فکر نہیں ۔ اس تناظرمیں پیش کئے جانے والے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں۔ آئس لینڈ اور مالدیپ جیسے بعض ممالک کی نصف آبادی کے مساوی لوگ ہر سال ہندوستانی سڑکوں پر ہلاک ہوجاتے ہیں ۔ وزارت داخلہ کے تحت نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو کے مطابق2012میں ملک بھر میں سڑک حادثات میں یومیہ لگ بھگ461افراد ہلاک اور زائد از تیرہ سو زخمی ہوئے۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو ہر گھنٹہ19اموات یا ہر تین منٹ میں ایک سے زائد اموات واقع ہوئیں ۔ روڈ سیفٹی کے بین الاقوامی ماہر اور پنجاب روڈ سیفٹی کونسل کے نائب صدر نشین کام جیت سوئے نے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈ کریکو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کے بقول ’’ہندوستانی سڑکوں پر ہونے والے قتل عام‘‘ کو بند کرنے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے مشیر برائے روڈ سیفٹی کامجیت سوئے نے بتایا کہ یوپی اے کے دس سالہ دور حکومت کے دوران سڑکوں پر زائد از1.2 ملین بے قصور افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سابقہ حکومت نے ان کی جانوں کی تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیواروں سے سر ٹکراتے رہے ہیں لیکن کسی کو پرواہ نہیں ۔ ہر روز سینکڑوں جانیں ضائع ہوجاتی ہیں، یہ روزانہ ایک جمبو جیٹ طیارے کے حادثہ کے مماثل ہے۔ مجھے امیدہے کہ نریندرمودی حکومت ہندوستانی سڑکوں کومحفوظ بنانے اقداماتکرے گی ۔ میں نے انہیں بھی ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ منڈے ان مشہورافرادمیں شامل ہیں جو ہندوستانی سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں ہلاک ہوئے ہیں۔ ا س فہرست میں سابق صدر جمہوریہ ذیل سنگھ، سابق مرکی وزیرراجیش پائلٹ ، پنجاب کے سابق وزیر کنول جیت سنگھ، دہلی کے سابق چیف منسٹرصاحب سنگھ ورما اور تلگو دیشم کے لیڈرایرم نائیڈوشامل ہیں۔لہذا اس بات پر کوئی تعجب نہیں ہونا چاہئے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(ڈبلیو ایچ او ) کا کہنا ہے کہ ہندستان میں سڑک حادثات میں سب سے زیادہ اموات واقع ہوتی ہیں۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیوروکے اعداد و شمار کے مطابق
* گزشتہ ایک دہے میں ہندوستانی سڑکوں پر مجموعی طور پر زائد از1.2ملین اموات ہوئیں ۔
* سڑک حادثات میں یومیہ381اموات اور1287افراد زخمی ہوئے ۔
* روڈ۔ریل حادثات کے سبب یومیہ80افراد ہلاک اور14افراد زخمی ہوئے ۔
* ٹرک حادثات میں یومیہ73اموات ہوئیں ۔
* دو پہیہ کی گاڑیوں کے حادثات میں89اموات ہوئیں ۔
* ہر گھنٹے 19یا ہر تین منٹ میں زائد از ایک شخص ہلاک ہوا ۔
* حادثاتی امواف کے واقعات میں2003اور2012کے دوران51.8فیصد اضافہ درج کیا گیا ۔
* 2003اور2012کے دوران ہندوستان کی آبادی میں13.6فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا لیکن حادثاتی اموات کی شرح میں34.2فیصد کی شرح سے اضافہ درج کیا گیا ۔
* 2012میں ٹریفک حادثات کے4,73,416واقعات درج کرائے گئے ۔
* 2012میں ہندوستان میں168,301افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے ۔

One person dies on Indian roads every three minutes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں