مہنگائی پر قابو پانے کے لئے وزیر اعظم کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

مہنگائی پر قابو پانے کے لئے وزیر اعظم کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی اجلاس

نئی دہلی
یو این آئی
قیمتوں میں اضافہ کے مسئلہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اور امسال کمزورمانسون کے خدمات کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بڑھتے ہوئے افراط زر اور کمزور مانسون کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی کو ترتیب دینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ ذرائع نے کہا کہ وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ ، وزیر آب و آبپاشی اوما بھارتی ، وزیر کھاد اننت کمار اور وزیر تغذیہ رام ولاس پاسوان نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں افراط زر پر قابو پانے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش قیاسی کی گئی کہ کمزور مانسون کی صورتحال سے نمٹنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ مانسون کے خاطر خواہ نہ ہونے کی اطلاعات کے درمیان عراق کی ابتر صورتحال سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے برعکس اثرات مرتب ہوں گے۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے افراط زر اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے مسئلہ پر بات چیت کے لئے اعلی سطحی اجلاس طلب کیا تھا اور صورتحال پر قابو پانے کے لئے بعض اقدامات کا اعلان کیا تھا ۔، پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کے رجحان کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے اقل ترین برآمدی قیمت کو300ڈال فی میٹرک ٹن نافذ کی ہے۔ جس کی وجہ سے توقع ہے کہ ملک کی مارکٹ میں پیاز کی دستیابی پر اثرات مرتب ہوں گے ۔ اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ حکومت فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے ذریعہ نظام تقسیم کے ذریعہ چاول کی اجرائی کے لئے ریاستی حکومت کو زائد چاول سربراہ کرے گی ۔ اس اجلاس میں وزیر کامر س نرملا سیتا رامن اور وزیر تغذیہ دامور صارفین رام ولاس پاسوان نے بھی شرکت کی اور دودھ کی چلر فروشی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ اور بر آمد کے شعبہ میں دی جانی والی رعایتوں کو روکنے پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ۔ وزیر فینانس آئندہ ماہ پارلیمنٹ میں پہلا بجٹ پیش کریں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا تھا کہ معیشت کو واپس پٹری پرلانے کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔دریں اثناء یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ شہریوں کے لئے قومی شناختی کارڈس کے مسئلہ کو حکومت کی جانب سے ترجیح دی جائے گی اور انہوں نے ملک کے تمام شہریوں کو شناختی کارڈمہیا کرنے اور ان کی شناخت سے متعلق اعداد و شمار نیشنل پاپولیشن رجسٹر ( این پی آر) میں درج کرنے کے پراجکٹ کو جلد از جلد پورا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے آج یہاں شہریوں کے رجسٹریشن کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر چندر مولی نے ساتھ این پی آر کے کام کی رفتار کا جائزہ لیا ۔ ڈاکٹر چندر مولی نے قومی سلامتی کے ضمن میں این پی آر کی اہمیت کو واضح کرنے ایک پروگرام بھی پیش کیا ۔ میٹنگ کے دوران اس پروجیکٹ کے تجزیے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بحث کی گئی ۔ باوثوق اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ نے قومی آبادی رجسٹر کے کام کو جلد سے جلد پورا کرنے کے لئے ہدایات دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس رجسٹر کو ولادت اور اموات کے رجسٹر یشن سسٹم سے جوڑنے اور تمام باشندون کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق تجاویز کے بارے میں جلدی سے منظوری لی جائے تاکہ اس کام کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ اس میٹنگ میں وزیر مملکت برائے امو ر داخلہ کرن رجچو اور مرکزی داخلہ سکریٹری انل گو سوامی بھی موجود تھے۔ تمام شہریوں کی شناخت کے اعداد و شمار ایک رجسٹریشن میں درج کرنے اور انہیں شناختی کارڈ مہیا کرنے کی یہ مہم قومی سلامتی اور ای گورنینس کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہے۔

High level meeting held to bridle inflation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں