عراق میں 40 ہندوستانی ورکرس کا اغوا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

عراق میں 40 ہندوستانی ورکرس کا اغوا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
شورش زد ہ عراق میں 40ہندوستانی ورکرس کا اغواکرلیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی حکومت عراق نے مغویہ افراد کا پتہ لگانے زبردست کوششیں شروع کردی ہیں ۔ ورکرس میں بیشتر کا تعلق ریاست پنجاب اور شمالی ہند کے دیگر علاقوں سے ہے ۔ یہ ورکرس، عراق کے ٹاؤن موصل میں ایک تعمیراتی کمپنی سے وابستہ تھے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے یہاں اخبار نویسوں کو یہ با ت بتائی اور کہا کہ حکومت ہند کو اغواکنندگان کے بارے میں کوئی مواد نہیں ملا ہے اور نہ ہی مغویہ افراد کے بارے میں کوئی ٹھوس اطلاع ہے۔ جو کچھ اطلاع ملی ہے وہ بین الاقوامی ہلا ل احمر(سوسائٹی) اور دیگر انسانی حقوق تنظیموں کے ذریعہ ملی ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ’’ہاں طارق نور الہدی کمپنی کے ساتھ کام کرنے والے40ہندوستانیوں کا اغوا کرلیا گیا ہے ۔ حکومت ہند کو کسی طرح سے اس نوعیت کا کوئی کال وصول نہیں ہوا ہے جس سے رقم تاوان کے بارے میں اشارہ ملتا ہو ، یا عراق میں ہندوستانیوں کو تحویل میں لئے جانے کے بارے میں اطلاع ملتی ہو‘‘۔(موصل ٹاؤن بغداد سے تقریباً400کلو میٹر دور شمال مغرب میں واقع ہے ۔) اکبر الدین نے بتایا کہ ہندوستان ، مختلف انسانی حقوق ایجنسیوں کے ساتھ ربط میں ہے ۔، تاکہ اغوا کے اس واقعہ کے بارے میں مزید اطلاعات اکٹھا کی جائیں۔ عراق میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن اور حکومت عراق سے اس سلسلہ میں ربط قائم کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ’’ یہ مشکل حالات ہیں۔ ہم کمپنی کے ساتھ ربط قائم کئے ہوئے ہیں ۔ ہم بین الاقوامی ہلال احمر(سوسائٹی) کے ساتھ بھی ربط قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس سوسائٹی نے اغوا کے بارے میں توثیق کی ہے ۔ لیکن یہ بھی کہا ہے کہ موجودہ مرحلہ پر وہ سوسائٹی یہ نہیں جانتی کہ مغویہ40ہندوستانی ورکرس کو کہاں رکھا گیا ہے ۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ عراقہ فورسس کو عسکریت پسندوں کے ساتھ شدید لڑائی کا سامنا ہے ۔ عسکریت پسندوں کو القاعدہ کی حمایت حاصل ہے اور عسکریت پسند عناصر، عراق کے مختلف شہروں پر قبضہ کرنے کے بعد بغداد کی جانب بڑح رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اکبر الدین نے کہا کہ ’’صورتحال ایسی ہے کہ مختلف ذرائع سے اطلاعات مل رہی ہیں اور موصولہ مواد کی بنیاد پر ہم اطلاعات کو یکجا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ان مشکل حالات میں ہماری مدد کرسکتا ہے ‘‘۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا حکومت امریکہ سے مدد لے رہی ہے انہوں نے عملی تفصیلات میں جانے سے انکار کردیا اور کہا کہ ابھرتے ہوئے حالات میں حکومت ایسی اطلاع سے واقف نہیں کرارہی ہے ۔ تکریت پھنسی ہوئی46نرسوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے درخواست کے بعد بین الاقوامی ہلال احمر(سوسائٹی) نے ان نرسوں سے رابطہ قائم کیا ہے ۔

40 Indian workers kidnapped amid violence in northern Iraq

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں