ہندوستانی عازمین حج کو بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-24

ہندوستانی عازمین حج کو بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی - سشما سوراج

Govt-promises-to-improve-facilities-for-Haj-pilgrims
ہندوستانی عازمین کے لئے سعودی عرب میں مستقل رہائش یونٹیں تعمیر کرنے پر غور ہوگا، حج کمیٹی آف انڈیا کو حج کے علاوہ ومرہ اور زیارت کرانے کا اختیار بھی دیاجائے گا ، سعودی عرب میں ہندوستانی نوابوں کے گمشدہ رباط کا پتہ لگایا جائے گا اور تمام حاجیوں کو مساوی سہولیات فراہم کرائی جائیں گی ۔ یہ یقین دہانی آج پارلیمنٹ انیکسی میں سالانہ حج کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کرائی۔ اردو میں کی گئی اس تقریر سے سشما سوراج نے وہاں موجود تمام شرکا کا دل جیت لیا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے10زبانوں میں شعائر حج گائیڈ کا اجراء بھی کیا۔ صدارت حج کمیٹی کے چیئر مین قیصر شمیم نے کی جب کہ اس موقع پر سینٹرل اور اسٹیٹ حج کمیٹیوں کے عہدیداران ، چیئر من ، افسران اور این جی اوز ے نمائندوں نے شرکت کی ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سعودی عرب میں وہاں کی حکومت کی مدد سے ہندوستانی عازمین کے لئے مستقل رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے پر غور کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان عمارتوں کا استعمال حج کے دوران حاجیوں کے لئے کرنے کے علاوہ باقی مدت میں عمرہ اور زیارت کے لئے جانے والے لوگوں کو کرائے پر دے کر ان کے رکھ رکھاؤ کا خرچ نکالا جاسکتا ہے ۔، انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ آزادی سے قبل ہندوستانی نوابوں کے ذریعہ سعودی عرب میں تعمیر کرائے گئے رباطوں کا بھی پتہ لگا کر ان کااستعمال عازمین حج کے لئے کیاجائے گا ۔ تمام عازمین کو مساوی سہولت مہیا کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے سشما سوراج نے کشمیر کے عازمین سے زیادہ کرایا وصول کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کشمیری عازمین کے ساتھ ہونے والی اس گڑ بڑ کو روکنے کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں پرائیوٹ حج آپریٹروں کے ذریعے ویزے کی بلیک مارکیٹنگ کی جو بات سامنے آئی ہے اس کی تفتیش کرائی جائے گی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کو حج امور کے علاوہ عمرہ اور زیارت کرانے کا کام بھی سونپا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں سعودی عرب کے علاوہ عراق میں موجود مقامات مقدسہ کو بھی شامل کیاجائے گا ۔ خصوصی پروازوں میں تاخیر کے معاملے میں انہوں نے وزارت شہری ہوا بازی کے افسران سے کہا کہ ان واقعات کر روک لگائی جانی چائے ۔ وزیر موصوف نے وزارت خارجہ کے افسران کو سخت تاکید کی کہ سعودی عرب میں عازمین کے لئے جو رہائشی یونٹیں بک کی جارہی ہیں ، ان میں لفٹ، باتھ روم ، کچن اور سیویج وغیرہ کی بنیادی سہولتیں موجود ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ عازمین کو کسی طرح کی کوئی نہیں ہونے دی جائے گی اور آج ہی حج کمیٹی کے عہدیداران کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں تمام اہم ایشوز پر غور کیاجائے گا۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ سعودی عرب میں حج سے متعلق تمام مقامات پر حج کمیٹی کا دفتر قائم کیاجانا چاہئے۔ قیصر شمیم نے کہا کہ حاجیوں کا کوٹہ2011کی مردم شماری کی بنیاد پر طے کیاجاناچاہئے ۔ وزارت خارجہ میں سکریٹری( ایسٹ) انل وادھا نے حج 2014کے تعلق سے کی گئی تمام تیاریوں کی تفصیلات پیش کیں جب کہ سعودی عرب میں کاؤنسلر جنرل بی ایس مبارک نے بتایا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی عازمین کے لئے جو عمارتیں کرائے پر حاصل کی ہیں ان کا باقاعدہ معائنہ کیا گیا ہے اور ان بلڈنگوں کو بک کیا گیا ہے جہاں تمام سہولیات موجود ہیں ۔ حج کمیٹی کے ممبر مسرت شاہد نے بتایا کہ رہائشی یونٹوں کا انہوں نے بھی خود جاکر معائنہ کیا ہے اور حاصل کی گئی تمام عمارتیں اچھی کنڈیشن میں ہیں اور وہاں تمام سہولیات موجود ہیں ۔ ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کا کوٹہ ختم کیا جائے اور تمام کوٹہ حج کمیٹی کے حوالے کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سبسیڈی کی ضرورت نہیں ہے۔ مسلمان سبسیڈی کے بغیر حج پر جانے کے اہل ہیں، ویسے بھی یہ سبسیڈی حاجیوں کو نہیں بلکہ ایئر انڈیا کو دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ حکومت اس رقم کا استعمال سعودی عرب میں اپنی بلڈنگ خریدنے میں کرے ۔ راجیہ سبھا کے رکن محمد ادیب نے کہا کہ حاجیوں کو بھیجنے کے لئے ممبران پارلیمنٹ کا جو کوٹہ ختم کردیا گیا ہے اسے پھر سے بحال کیاجان چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممبران پارلیمنٹ کا حق ہے کیونکہ لوگ ان کے پاس امید لے کر آتے ہیں ۔ سابق مرکزی وزیر سلطان احمد نے کہا کہ ایئر پورٹ پر حج فلائٹوں میں تاخیر معمول بن گیا ہے ، حکومت کو اس پر قابو پانے کے لئے قدم اٹھانا چاہئے ۔ اڑیسہ حج کمیٹی کے چیئر مین اور ممبر اسمبلی ایم اے خان نے کہا کہ سبسیڈی کو ختم کیاجائے کیونکہ مسلمان خود سبسیڈی نہیں چاہتے ۔ کرناٹک کے وزیر روشن بیگ نے بھی سبسیڈی ختم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹور آپریٹروں کے کوٹہ میں بھی تخفیف کی جانی چاہئے ۔کیونکہ یہ عازمین سے کافی موٹی رقم وصول کرنے کے باوجود انہیں مناسب سہولیات مہیا نہیں کراتے ۔، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر پرویز میاں نے مطالبہ کیا کہ دہلی کو2011کی مردم شماری کی بنیاد پر کوٹہ الاٹ کیاجائے ۔ انہوں نے حج منزل میں سٹی یک ، ان منصوبہ شروع نہ کئے جانے پر بھی وزارت خارجہ اور شہری ہوابازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ قطعی ناقابل عمل تھا۔ پرویز میاں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان ممنوع اشیاء کی فہرست تیار کرے جو ہندوستان میں ممنوع نہیں ہیں لیکن سعودی عرب میں ممنوع ہیں تاکہ عازمین کو پہلے ہی بتایا جاسکے کہ فلاں فلاں چیز اپنے ساتھ نہیں لانی۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ پر ضبط کئے جانے والے عازمین کے ایسے سامان کی واپسی اور سامان کس کی تحویل میں رہے گا، کے لئے ایک قانون وضع کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے سعودی عرب میں ہندوستانی ڈاکٹروں کی کمی کا معاملہ بھی رکھا اور ہاتھ سے لکھے پاسپورٹ واپس بھیجے جانے کے تعلق سے بھی آگاہ کیا ، جس پر بتایا گیا کہ وزارت خارجہ نے ایسے تمام پاسپورٹ دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس موقع پر کرناٹک کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر ممتاز چاؤلہ ، چھتیس گڑھ حج کمیٹی کے چیئر سلیم راج ، گجرات سے حج کمیٹی کے ممبر حاجی الیاس خان، اترا کھنڈ حج کمیٹی کے چیئر مین شیر محمد راؤ ، ہریانہ کے چیرمین ڈاکٹر انصاری وغیرہ نے بھی حاجیوں کو در پیش پریشانیوں سے روشناس کراتے ہوئے اپنے مشوروں سے مستفید کیا۔

Government promises to improve facilities for Haj pilgrims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں