برقی کٹوتی کے خلاف احتجاج - دہلی میں کانگریس قائدین گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-15

برقی کٹوتی کے خلاف احتجاج - دہلی میں کانگریس قائدین گرفتار

نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریس دہلی یونٹ کے صدر ارویندرسنگھ لولی اور دیگر پارٹی قائدین کو قومی دارالحکومت میں برقی اور پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرنے پر آج گرفتار کرلیا گیا ۔ لولی، سجن کمار اور مکیش شرما کی زیر قیادت تقریباً دو سو کانگریس کارکنوں نے مغربی دہلی کے ننگ لوئی علاقہ میں احتجاج کیا ۔ دہلی میں برقی کٹوتی اور پانی کی قلت کے خلاف کانگریس کے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ کانگریس قائدین قومی شاہراہ نمبر10کی طرف بڑھے لیکن ٹریفک کی آمدو رفت میں خلل پڑنے سے پہلے پولیس نے آبی توپوں کا استعمال کرتے ہوئے احتجاجیوں کو منتشر کردیا ۔ مظاہرین نے پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو بھی توڑنے کی کوشش کی۔ بعض کارکن ٹرینوں کو روکنے قریبی ریلوے ٹریک کی طرف بڑھے ، لیکن دہلی پولیس اور ریلوے ملازمین نے انہیں حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ان قائدین کو مغربی دہلی کے منڈ کا پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے اسی دوران کانگریس قائد اے کے والیہ نے انتباہ دیا کہ آنے والے دنوں میں مماثل احتجاج کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک اپنا احتجاج بند نہیں کریں گے جب تک دہلی کے عوام کو بحران سے نجات نہیں ملتی۔ ہم آنے والے دنوں میں احتجاج جاری رکھیں گے ۔ کانگریس قائدین برقی سربراہی میں خلل اور پانی کی نامناسب سربراہی کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کل یہاں بی جے پی کے دفتر کے روبرو مظاہرہ کیا تھا جب کہ جمعرات کو جنوبی دہلی کے خانپور علاقہ میں مظاہرہ کی تھا۔ کانگریس رکن اسمبلی جئے کشن نے اس علاقہ کے عوام کے ساتھ شمالی دہلی کے سلطان پور میں چہار شنبہ کو احتجاج کیا تھا ۔ 30مئی کو شدید طوفان کی وجہ سے ناردرن گرڈ کی کئی برقی لائنیں ٹوٹ جانے سے شہر میں برقی سربراہی متاثر ہوگئی تھی۔

Delhi Congress leaders detained during protest on power

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں