مصر نے عدالتی فیصلوں پر بیرونی تنقید مسترد کردی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-25

مصر نے عدالتی فیصلوں پر بیرونی تنقید مسترد کردی

مصر کے نئے صدر عبدالفتاح السیسی نے آج کہا کہ وہ عدالتی فیصلوں میں کوئی مداخلت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے الجزیرہ کے صحافیوں کو کل عدالت کی جانب سے7سال کی جیل کی سزا سنانے پر بین الاقوامی تنقیدوں کے رد عمل میں یہ بات کہی ۔ سیسی نے قاہرہ میں فوج کی ایک گریجویشن تقریب میں تقریر کرتے ہوئے جو ٹی وی پر نشر کی گئی ہے کہا کہ ہم عدالتی فیصلوں میں مداخلت نہیں کریں گے ہمیں عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرنا ہوگا اور اگر دوسرے ان فیصلوں کو نہ سمجھ سکیں تب تنقید نہیں کرنی چاہئے۔ آسٹریلیا ، کناڈا اور مصر کے ایک صحافی کو کل اخوان المسلمون سے تعاون کے الزام میں7سال جیل کی سز ا سنائی گئی ہے۔ ان فیصلوں پر مغربی حکومتوں اور انسانی حقوق تنظیموں نے شدید تنقید کی ہے۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے اس سرد مہری پر مبنی اور ظالمانہ قراردیا جب کہ اقوام متحدہ نے انتباہ دیا کہ انصاف کا قتل مصر میں ایک قاعدہ بن رہا ہے۔ قبل ازیں مصر نے اپنے نظام عدلیہ پر بیرونی تنقید اور اپنے معاملات میں مداخلت کو مسترد کردیا ۔ مصر کے وزارت خارجہ نے الجزیرہ کے صحافیوں کو7سال کی سزائے قید کے مصری عدالت کے فیصلہ پر عالمی تنقید کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ وہ غیر ملکی فریق کی جانب سے کسی بھی تبصرہ کو جس میں مصری عدلیہ کے آزادی ، انصاف اور اس کے فیصلوں پر شبہات ظاہر کئے گئے ہوں خارج کرتے ہیں ۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر اپنے داخلی معاملات میں کسی بھی مداخلت کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور اس موقف سے وزیر خارجہ نے حالیہ عرصہ میں اپنے بین الاقوامی حلیفوں کے ساتھ متعدد رابطوں کے دروان مطلع کردیا ہے ۔

egypt rejects foreign criticism of judiciary after al jazeera sentencing

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں