روس کی شرکت کے بغیر جی-7 چوٹی کانفرنس کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-05

روس کی شرکت کے بغیر جی-7 چوٹی کانفرنس کا آغاز

یورپی ملک بلجیم کے دارالحکومت بروسلز میں ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی7-کا دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے ۔ گزشتہ17برسوں میں پہلی مرتبہ اس گروپ کا اجلاس روس کی شرکت کے بغیر شروع ہوا ۔ اس اجلاس میں ایک طرف جہاں شامی تنازعہ اور افغان امور کے علاوہ مالی ، وسطی افریقی جمہوریہ اور شمالی کوریا سے متعلق موضوعات کو کلیدی اہمیت حاصل رہے گی وہیں یوکرین کے لئے یورپی یونین کی امداد بھی زیر غور ہے ۔ جس کے نیم خود مختار علاقہ کریمیا کا روس کے ساتھ الحاق روس کو جی8-گروپ سے خارچ کرنے کے فیصلہ کا سبب بنا۔ گروپ کے دیگر رکن ممالک بشمول امریکی ، جرمنی، برطانیہ، فرانس، کناڈا ، جاپان اور اٹلی نے اسی سال مارچ میں روس کو جی8-گروپ سے خارچ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ معیشت اور بالخصوص تجارت کے موضوع پر بات چیت کل جمعرات 5جون کی صبح ہوگی ۔ اس میں یورپی یونین کے امریکہ، کینیڈا ، اور جاپان کے ساتھ آزاد تجارت کے مجوزہ معاہدوں پر توجہ مرکوز رہے گی ۔ اس کے علاو شرکاء عالمی اقتصادی نمو کی شرح کو برقرار رکھنے پر بھی بات چیت کریں گی ۔ اجلاس کے موضوعات کے حوالے سے جاری کردہ ایک دستاویز کے مطابق جی سیون ممالک اقتصادی نمواور روزگار کی منڈی پر خصوصی توجہ دیں گے ۔ بعد ازاں جی7-ممالک کے سربراہان توانائی اور موسمیات سے متعلق پالیسی پر بات چیت کریں گی ۔ گفتگو میں یوروپی ملکوں خے لئے روسی گیس اور تیل پر دارومدار کم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے ۔، سربراہی اجلاس کا آخری سیشن جمعرات کی سہ پہر منعقد ہوگا ۔ جس میں ترقیاتی امداد سمیت افریقی ممالک میں بیماریوں کی روک تھام اور فوڈ سیکوریٹی پر بات چیت کی جائے گی ۔ ترقی یافتہ ممالک کے گروپ میں شمولیت کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ روس اس اجلاس میں شریک نہیں ہے ۔ روس کو جی8-سے خارج کرنے کا فیصلہ گروپ کے دیگر ممالک بشمول امریکا ، جرمنی ، برطانیہ، فرانس، کینیڈا ، جاپان اور اٹلی کی جانب سے رواں برس مارچ میں کیا گیا تھا ۔ اس اقدام کی وجہ بحران کے شکار یورپی ملک یوکرائن کے سابق نیم خود مختار علاقہ کریمیا کا روس کے ساتھ الحاق بنا تھا ۔ عالمی برادری اس الحاق کو ناجائز مانتی ہے اور ماسکو حکومت کے اسی اقدام پر احتجاج کے طور پر یہ قدم اٹھایا گیا تھا۔

40th G7 summit in Brussels without Russia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں