مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں ٹرین حادثہ - 19 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-05

مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں ٹرین حادثہ - 19 ہلاک

رائے گڑھ
پی ٹی آئی
مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں آج کونکن ریلوے روٹ پر ایک مسافرٹرین کی چار بوگیاں اور ایک انجن پٹری سے اتر گیا جس کی وجہ سے19افراد ہلاک اور 132دیگر زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ ممبئی سے تقریباً120کلو میٹر کے فاصلہ پر موضع نیدی کے قریب ایک سرنگ کے باہر پیش آیاجب کہ دیووا، ساونت واڑی پاسنجر ٹرین کا انجن اور20میں سے4بوگیاں تقریباً10بجے دن ناگو تھانے اور روہا ریلوے اسٹیشن کے درمیان پٹریوں پر سے اتر گئے ۔ راحت اور بچاؤ کے کام جاری ہیں۔ پولیس کے بموجب ورکرس ان بوگیوں سے جو پٹریوں پر سے اتر جانے کے بعد کٹ گئیں ، مسافرین کو نکالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔اس حادثہ کے بعد کوکن ریلوے روٹ پر سرویسس معطل کردی گئیں۔ گزشتہ مہینہ بھی اسی روٹ پر ایک مال گاڑھی پٹریوں پر سے اتر گئی تھی جس کے باعث سرویسس متاثر ہوئی تھیں ۔ زخمی مسافرین کو علاج کے لئے روحا منتقل کیا گیا ہے ۔ ریلویز نے اس واقع کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ وزیر ریلوے ملکار جن کھر گے نے ہر ایک مہلوک کو2لاکھ روپے ، شدید زخمی کو فی کس50ہزار روپئے اورہر ایک معمولی زخمی کو10ہزار روپے ایکس گریشیاء دینے کا اعلان کیا۔ صدرنشین ریلوے بورڈ اروند کمار نے کہا کہ کمشنر ریلوے سیفٹی چیتن بخشی اس واقعہ کی تحقیقات کریں گے ۔ریلویز نے 2ہیلپ لائن بھی شروع کی ہیں۔

ممبئی سے آئی۔این۔این کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اتوار کی صبح دیوا ریلوے اسٹیشن سے ساونت واڑی روڈ ( کوکن ) کے لئے روانہ ہونے والی پیسنجر ٹرین ناگوٹھنے اور روہا اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی ۔ یہ حادثہ ممبئی سے تقریبا" 136 کلو میٹر دور رائے گڑھ ضلع میں صبح 9 بجکر 40 منٹ پر ندی گاؤں کے پاس ہوا جب ٹرین سرنگ سے نکلی ہی تھی۔ حادثہ میں ٹرین کا انجن سمیت شروع کے چار ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ خبر لکھے جانے تک ریلوے انتظامیہ نے اس حادثہ میں 17 افراد کے مارے جانے اور 123 مسافروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ ان میں ایک 6سالہ بچی اور 3 خواتین شامل ہیں جبکہ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق حادثہ میں ہلاک شدگان کی تعداد 19 ہو گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 140 سے زائد ہے۔
حادثہ میں زخمی ہونے والے مسافروں کو مقامی ناگوٹھنے پرائمری ہیلتھ سینٹر اور روہا کےسول اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ان دنوں موسم گرما کی تعطیلات جاری ہیں اور کوکن سے تعلق رکھنے والے مسافر اتوار کو بڑی تعداد میں اپنے گاؤں جاتے ہیں جس کے سبب پیسنجر ٹرینں بھی مسافروں سے کچھا کھچ بھری ہوتی ہیں۔ چونکہ یہ حادثہ سڑک سے دور ہوا اس لئے راحتی کاموں میں بھی کافی پریشانی ہو رہی تھی۔ حادثے کے سبب متعدد ٹرینوں کو منسوخ اور دوسری جانب موڈ دینے سے لاکھوں مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری طرف وزرات ریلوے کی طرف سے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور وزیر ریلوے ملک ارجن کھرگے نے حادثہ میں مہلوکین کو 2- 2 لاکھ روپئے ، شیدید طور پر زخمی ہونے والے مسافروں کو 50 – 50 ہزار اور معمولی طور پر زخمی ہونے والے مسافروں کو 10- 10 ہزار روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔
اس بارےمیں ریلوے بورڈ کے چیئر مین ارونیندر کمار نے کہا کہ " ریلوے سیفٹی کمیشنر چیتن بخشی اس حادثہ کی جانچ کریں گیں اور انھوں نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا ہے۔ دوسری طرف حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور وہا ں کا جائزہ لیا ۔ انھوں نے یقین دلایا کہ راحتی کاموں میں ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ وہیں حادثہ سے متعلق سونیا گاندھی نے رنج کا اظہار کیا اور حادثہ میں ہلاک ہونے والے مسافرون کے اہل خانہ کے غم میں خود کو برابر کا شریک بتاتے ہوئے ہمدردی کا اظہار کیا۔

19 killed after train derails in Maharashtra's Raigad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں